پی آئی اے کا لندن کیلئے براہ راست پروازوں کی بحالی کا اعلان
Webdesk
|
25 Mar 2026
کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے چھ سال کے طویل انتظار کے بعد لندن کے لیے اپنے براہِ راست پروازوں کے آپریشن کی بحالی کا اعلان کر دیا ہے۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق برطانیہ کے لیے پروازوں کا باقاعدہ آغاز رواں ماہ کے آخر سے ہو رہا ہے۔پی آئی اے 29 مارچ کو اسلام آباد سے اور 30 مارچ کو لاہور سے لندن کے لیے اپنی پہلی پروازیں روانہ کرے گی۔
ابتدائی طور پر ہفتہ وار 4 پروازیں آپریٹ کی جائیں گی، جن میں سے 3 پروازیں اسلام آباد اور ایک پرواز لاہور سے روانہ ہوگی۔ یہ پروازیں لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ کے ٹرمینل 4 پر لینڈ کریں گی۔
لندن کے اس اہم فضائی آپریشن کے لیے پی آئی اے اپنے بوئنگ 777 طیارے استعمال کرے گی۔ ترجمان نے واضح کیا کہ لندن کا روٹ پی آئی اے کے نیٹ ورک کے قدیم اور ابتدائی بین الاقوامی روٹس میں شامل ہے، جس کی بحالی ادارے کے لیے سنگ میل ثابت ہوگی۔
یاد رہے کہ 2020 میں پابندی لگنے سے قبل پاکستان سے لندن کے لیے ہفتہ وار 10 پروازیں چلائی جا رہی تھیں۔
اب دوبارہ آغاز کے بعد، برطانیہ کے لیے پی آئی اے کی مجموعی ہفتہ وار پروازوں کی تعداد 7 ہو جائے گی۔ اس اقدام سے برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو سفر کی براہِ راست اور بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔
Comments
0 comment