پنجاب میں اسکول 31 مارچ تک بند، سرکاری دفاتر میں ورک فرام ہوم ہوگا

پنجاب میں اسکول 31 مارچ تک بند، سرکاری دفاتر میں ورک فرام ہوم ہوگا

پیٹرولیم کے استعمال میں کمی لانے کے لیے صوبائی وزراء اور سرکاری افسران کی گاڑیوں کے لیے پٹرول اور ڈیزل الاؤنس میں فوری طور پر 50 فیصد کمی کر دی گئی ہے
پنجاب میں اسکول 31 مارچ تک بند، سرکاری دفاتر میں ورک فرام ہوم ہوگا

ویب ڈیسک

|

9 Mar 2026

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے خطے میں پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال اور پیٹرولیم مصنوعات کے ممکنہ بحران کے پیش نظر صوبے میں کئی اہم انتظامی فیصلوں کا اعلان کیا ہے۔

پنجاب حکومت کے مطابق سرکاری دفاتر میں عارضی طور پر ورک فرام ہوم پالیسی نافذ کی جا رہی ہے، جس کے تحت صرف ضروری عملہ ہی دفاتر میں حاضر ہوگا جبکہ دیگر ملازمین گھر سے اپنے فرائض انجام دیں گے۔

حکومت نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ صوبے بھر میں اسکول، کالج اور یونیورسٹیاں 10 مارچ سے 31 مارچ تک بند رہیں گی۔ تاہم پہلے سے طے شدہ امتحانات اپنے شیڈول کے مطابق منعقد ہوں گے جبکہ تعلیمی اداروں کو آن لائن کلاسز لینے کی اجازت ہوگی۔

پیٹرولیم کے استعمال میں کمی لانے کے لیے صوبائی وزراء اور سرکاری افسران کی گاڑیوں کے لیے پٹرول اور ڈیزل الاؤنس میں فوری طور پر 50 فیصد کمی کر دی گئی ہے۔

اس کے علاوہ وزراء اور اعلیٰ افسران کے پروٹوکول کے ساتھ چلنے والی اضافی گاڑیوں پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے اور صرف سیکیورٹی کے لیے ایک گاڑی رکھنے کی اجازت ہوگی۔

شہریوں کو سرکاری سہولیات کی فراہمی جاری رکھنے کے لیے ای بزنس اور “مریم کی دستک” پروگرام کے تحت خدمات بدستور فراہم کی جائیں گی۔ سرکاری امور کی انجام دہی کے لیے اجلاس آن لائن یا ٹیلی کانفرنس کے ذریعے منعقد کیے جائیں گے جبکہ سرکاری سطح پر ہونے والی آؤٹ ڈور تقریبات پر عارضی پابندی لگا دی گئی ہے۔ اسی تناظر میں ثقافتی میلہ ہارس اینڈ کیٹل شو بھی ملتوی کر دیا گیا ہے۔

پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی اور قیمتوں کی نگرانی کے لیے ہر ضلع میں خصوصی پیٹرولیم مانیٹرنگ کمیٹیاں قائم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کو پیٹرولیم مصنوعات کی نگرانی کے لیے ٹریک اینڈ ٹریس نظام تیار کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ ٹرانسپورٹ کرایوں کی سخت نگرانی کی جائے اور زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ اس کے علاوہ اشیائے خورونوش کی طلب و رسد پر بھی نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مریم نواز نے عوام سے اپیل کی ہے کہ موجودہ حالات کے پیش نظر غیر ضروری تقریبات اور لیٹ نائٹ شاپنگ سے گریز کریں اور ضروری اشیا کی ذخیرہ اندوزی نہ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ مشکل حالات میں قوم کو صبر، اتحاد اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

Comments

https://www.dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!