پنجاب:محرم الحرام کیلئے سخت سکیورٹی پلان، ایک لاکھ سے زائد اہلکار تعینات

پنجاب:محرم الحرام کیلئے سخت سکیورٹی پلان، ایک لاکھ سے زائد اہلکار تعینات

37 ہزار 868 مجالس منعقد ہوں گی جبکہ 9 ہزار 412 جلوس برآمد ہوں گے
پنجاب:محرم الحرام کیلئے سخت سکیورٹی پلان، ایک لاکھ سے زائد اہلکار تعینات

Webdesk

|

14 Jun 2026

لاہور: آئی جی پنجاب نے کہا ہے کہ عزاداری جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کے لیے پہلے سے بہتر اور جامع حکمتِ عملی مرتب کی گئی ہے تاکہ عشرہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق عشرہ محرم الحرام کے دوران لاہور سمیت صوبہ بھر میں مجموعی طور پر 47 ہزار 280 مجالس اور عزاداری جلوسوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔

اس دوران 37 ہزار 868 مجالس منعقد ہوں گی جبکہ 9 ہزار 412 جلوس برآمد ہوں گے۔ پولیس کے مطابق سکیورٹی ڈیوٹیوں کے لیے ایک لاکھ 24 ہزار سے زائد افسران و اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔

مجالس کی سکیورٹی پر 41 ہزار 200 سے زائد جبکہ جلوسوں کی حفاظت کے لیے 73 ہزار 400 سے زائد اہلکار فرائض انجام دیں گے۔ اس کے علاوہ جلوسوں کے روٹس اور حساس مقامات کے اطراف 9 ہزار 500 سے زائد اہلکار مسلسل پٹرولنگ کریں گے۔

محرم الحرام کے دوران سی ٹی ڈی، اسپیشل برانچ، ٹریفک پولیس، ڈولفن اسکواڈ اور پیرو سمیت تمام فیلڈ یونٹس سکیورٹی ڈیوٹی انجام دیں گے، جبکہ سیف سٹیز اتھارٹی کے کیمروں کے ذریعے جلوسوں اور مجالس کی 24 گھنٹے مانیٹرنگ جاری رہے گی۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ تمام مکاتبِ فکر کے علما اور کمیونٹی رہنما امن و ہم آہنگی کے فروغ میں کردار ادا کریں اور کسی بھی قسم کی فرقہ وارانہ کشیدگی کو ناکام بنایا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ شرپسند عناصر کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امن کمیٹیوں اور جلوس و مجالس کے منتظمین کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہ کر مسائل بروقت حل کیے جائیں گے، جبکہ طے شدہ روٹس اور مقامات کے علاوہ کسی بھی جگہ جلوس یا مجلس کی اجازت نہیں ہوگی۔

پولیس حکام کے مطابق دفعہ 144 اور لاڈ اسپیکر ایکٹ پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے گا، جبکہ فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی نقل و حرکت پر بھی کڑی نگرانی کی جائے گی۔

مزید بتایا گیا کہ 9 اور 10 محرم الحرام کو ڈبل سواری پر پابندی ہوگی، تاہم بزرگ شہریوں، خواتین اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو استثنی حاصل ہوگا۔

Comments

https://www.dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!