اگر کل عمران خان سے ملاقات نہ کروائی تو ملک کے ہر چوک کو ڈی چوک بنادیں گے، سہیل آفریدی
Webdesk
|
10 Aug 2026
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے اڈیالہ جیل میں قید پارٹی بانی عمران خان کی صحت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اہل خانہ اور ذاتی ڈاکٹروں سے ملاقات کرانے کا مطالبہ کردیا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ عمران خان کی طبیعت خراب ہے اور ان کا علاج اہل خانہ کی موجودگی میں ذاتی ڈاکٹروں کی نگرانی میں کسی اچھے اسپتال سے کرایا جانا چاہیے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ اگر عمران خان سے ان کے اہل خانہ اور ڈاکٹروں کی ملاقات نہ کرائی گئی تو تحریک انصاف کے ارکان پارلیمنٹ سپریم کورٹ کے باہر احتجاج کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پارٹی چاہتی ہے چیف جسٹس پاکستان عمران خان کے اہل خانہ اور طبی ماہرین کو ان سے ملاقات کی اجازت دینے کے احکامات جاری کریں۔
سہیل آفریدی نے دعویٰ کیا کہ اگر ملاقات کی اجازت دی جاتی ہے تو پارٹی قیادت اور عمران خان کے اہل خانہ یقین دہانی کرائیں گے کہ ملاقات کے بعد کوئی سیاسی گفتگو نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر منگل کو ملاقات نہ کرائی گئی تو جمعرات کو تحریک انصاف کے ارکان پارلیمنٹ اڈیالہ جیل کا رخ کریں گے۔ ان کے مطابق اس کے باوجود ملاقات نہ ہونے کی صورت میں جمعرات کی رات 10 بجے ملک کے مختلف علاقوں میں احتجاج شروع کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ تحریک انصاف کا 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان بھی برقرار ہے اور اس روز ملک بھر سے کارکنان باہر نکلیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی اپنے مطالبات کی منظوری کے لیے احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کرسکتی ہے۔
Comments
0 comment