بلوچستان کی پہلی ماس ٹرانزٹ 'جناح پیپلز ٹرین' ٹریک پر آنے کو تیار

بلوچستان کی پہلی ماس ٹرانزٹ 'جناح پیپلز ٹرین' ٹریک پر آنے کو تیار

بلوچستان حکومت نے اس منصوبے کو جلد عوام کے لیے کھولنے کا اعلان کیا ہے
بلوچستان کی پہلی ماس ٹرانزٹ 'جناح پیپلز ٹرین' ٹریک پر آنے کو تیار

Webdesk

|

25 Sep 2026

کوئٹہ: بلوچستان کے عوام کو جدید اور سستی سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے صوبے کی پہلی ماس ٹرانزٹ جناح پیپلز ٹرین کوئٹہ پہنچ چکی ہے۔

 بلوچستان حکومت نے اس منصوبے کو جلد عوام کے لیے کھولنے کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اس منصوبے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ اس ٹرین کا 32 کلومیٹر طویل ریلوے ٹریک کی اپ گریڈیشن کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جناح پیپلز ٹرین کا روٹ کچلاک سے سریاب تک ہوگا، جو کہ سات اسٹیشنز پر مشتمل ہوگا۔ ٹرین کچلاک سے چلے گی اور بلیلی، شیخ ماندا، جی او آر، کوئٹہ، لور کاریز سے ہوتی ہوئی آخری اسٹیشن سریاب تک پہنچے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ٹرین کوئٹہ اور اس کے گردونواح کے رہائشیوں کو سستی، محفوظ اور بہتر سفری سہولت فراہم کرے گی۔وزیراعلی بلوچستان کے اکانٹ سے شیئر کی ویڈیو میں جناح پیپلز ٹرین کے اندرونی و بیرونی مناظر دکھائے گئے ہیں. جس سے یہ جدید سہولیات سے آراستہ معلوم ہوتی ہے۔

اس خصوصی ٹرین میں ایئرکنڈیشنڈ ماحول، آرام دہ و کشادہ سیٹیں، کھڑکیوں پر ایڈجسٹ ایبل پردوں کے علاوہ رش کی صورت میں کھڑے ہو کر سفر کرنے والے مسافروں کے لیے ہینڈلز بھی نصب نظر آرہے ہیں۔

ہر بوگی کے اندر مسافروں کی سہولت کے لیے ڈیجیٹل ڈسپلے بورڈ بھی نصب ہیں۔ اس کے علاوہ ٹرین میں موبائل فون کی چارنگ کے لیے بجلی کے ساکٹ اور یو ایس بی پورٹس بھی نظر آرہی ہیں۔

ٹرین میں چھت پر چمکدار ایل ای ڈی لائٹس اور پنکھے بھی موجود ہیں جنہیں آن یا آف کرنے کے ہر سیٹ کے قریب سوئچز لگائے گئے ہیں۔اس خصوصی ٹرین کی کوچز کو 4 ماہ کی ریکارڈ مدت میں پاکستان ریلوے کی کیریج فیکٹری میں تیار کیا گیا ہے۔

جسے گزشتہ ہفتے وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کی نگرانی میں کوئٹہ روانہ کیا گیا تھا۔ٹرین کی کوئٹہ روانگی کے موقع پر حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ جناح پیپلز ٹرین بلوچستان حکومت کے تعاون اور پاکستان ریلوے کی کوششوں کا عملی نتیجہ ہے۔

 انہوں نے کہا پاکستان ریلوے کسی ایک صوبے کا ادارہ نہیں بلکہ پورے ملک کا ادارہ ہے اور پاکستان کے مختلف حصوں کو آپس میں جوڑنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ صوبوں کے درمیان تعاون کے ذریعے عوامی فلاح کے منصوبوں کو عملی شکل دی جا رہی ہے۔ وفاقی وزیر ریلوے نے اس منصوبے میں تعاون پر وزیر اعلی بلوچستان اور صوبائی حکومت کا شکریہ بھی ادا کیا۔

Comments

https://www.dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!