فوٹوگرافر نے فہد مصطفی پر سنگین الزامات لگا دیے

Webdesk
|
31 Jul 2025
کراچی: عمر سعید نامی فوٹوگرافر نے اداکار و ٹی وی میزبان فہد مصطفی کی ایک پرانی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ان پر سنگین الزامات عائد کردیے۔
عمر سعید نے نامی فوٹوگرافر نے انسٹاگرام پر فہد مصطفی کی ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں اداکار وہاں موجود دوسرے افراد کی جانب ہاتھوں کے اشارے کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
جس فوٹوگرافر نے اداکار کی ویڈیو شیئر کی، ماضی میں وہ فہد مصطفی کے مختلف فوٹوشوٹ کی تصاویر اور ویڈیوز بھی شیئر کرتے رہے ہیں جب کہ وہ دوسری شوبز شخصیات کی تصاویر اور ویڈیوز بھی شیئر کرتے رہے ہیں۔
فوٹوگرافر نے فہد مصطفی کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے پوسٹ میں ٹی وی میزبان پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے ان پر ملازمت ختم کروانے کا الزام بھی عائد کیا۔
عمر سعید نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ مذکورہ ویڈیو انہیں آج اپنی تصاویر کی گیلری میں نظر آئی، جسے افسوس کے ساتھ وہ دو سال بعد شیئر کر رہے ہیں۔
انہوں نے پوسٹ میں دعوی کیا کہ فہد مصطفی نے انہیں بارہا عوامی مقامات اور ساتھیوں کے سامنے توہین آمیز انداز میں نشانہ بنایا۔ انہوں نے مزید الزام لگایا کہ فہد مصطفی نے ان کی اے آر وائے سے ملازمت ختم کروانے میں بھی کردار ادا کیا، جس کے بعد ان کا کیریئر بری طرح متاثر ہوا۔
عمر سعید نے لکھا کہ فہد مصطفی نے ان کے خواب اور کیریئر دونوں تباہ کیے، اور ان کی نوکری ختم کرنے والے ٹی وی چینل کو بھی اس ناانصافی پر شرم آنی چاہیے۔
فوٹوگرافر نے لکھا کہ ملازمت ختم ہونے کے بعد انہیں مشکلات کا سامنا رہا لیکن بعد ازاں انہوں نے اپنا کاروبار شروع کیا اور اب وہ اپنے خاندان کو پہلے سے زیادہ بہتر انداز میں معاشی مدد فراہم کر رہے ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ ان سمیت دیگر کئی افراد کی زندگی اور کیریئر فہد مصطفی جیسی شخصیات کی وجہ سے برباد اور متاثر ہوا۔
Comments
0 comment