44 mins ago
نور مقدم کیس، خالد انعم کا جسٹس باقر نجفی سے بغیر شادی کے تعلقات سے متعلق ریمارکس واپس لینے کا مطالبہ
ویب ڈیسک
|
28 Nov 2025
معروف اداکار و لکھاری خالد انعم نے جسٹس باقر نجفی کے شادی کے بغیر لڑکی اور لڑکے کے ساتھ رہنے کے معاملے پر ریمارکس پر سخت ناراضی کا اظہار کیا ہے۔
جسٹس باقر نجفی نے نور مقدم کے قتل کو اس کے مبینہ ’’لِو اِن ریلیشن شپ‘‘ سے جوڑا اور کہا تھا کہ ایسے کیسز کا یہی انجام ہوتا ہے۔
خالد انعم کا کہنا ہے کہ جسٹس نجفی، جو اب فیڈرل کونسٹی ٹیوشنل کورٹ (FCC) کا حصہ ہیں، انہیں اپنے یہ الفاظ واپس لینے چاہییں۔
جسٹس نجفی نے ملزم ظاہر جعفر کی سزا برقرار رکھتے ہوئے ریمارکس دیے تھے کہ “یہ کیس اعلیٰ طبقے میں پھیلتے ہوئے اُس برائی کا نتیجہ ہے جسے ہم لِو اِن ریلیشن شپ کہتے ہیں۔”
اس بیان پر ردعمل دیتے ہوئے خالد انعم نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ “یہ میں نے زندگی کی سب سے مضحکہ خیز بات سنی ہے۔ کیا ایک جج یہ کہہ سکتا ہے کہ نور مقدم کا قتل اس لیے ہوا کہ وہ لِو اِن ریلیشن شپ میں تھی؟
انہوں نے سوال اٹھایا کہ ’کیا شادی شدہ خواتین کے ساتھ ایسے جرائم نہیں ہوتے؟ کیا شوہر کبھی بیویوں پر تشدد نہیں کرتے؟ خدارا، اللہ اس ملک کے قوانین کی حفاظت کرے۔”
انہوں نے واضح کیا کہ تشدد اور قتل جیسے جرائم شادی شدہ زندگی میں بھی ہوتے ہیں، اس لیے ایسے بیانات نہ صرف گمراہ کن ہیں بلکہ خواتین کے خلاف ہونے والے جرائم کی سنگینی کو کم کر کے پیش کرتے ہیں۔
خالد انعم نے مزید کہا کہ “جسٹس صاحب، دوسرے کیسز دیکھیے، آپ کو اندازہ ہو جائے گا کہ دونوں باتوں کا آپس میں کوئی تعلق نہیں۔ آپ کو یہ الفاظ واپس لینے چاہییں۔ کتنی بے معنی اور افسوسناک بات ہے، یہ کہنا نہیں چاہیے تھا۔”
Comments
0 comment