6 hours ago
ماہر نجومی نے ہانیہ عامر کی شادی سے پہلے ہی طلاق کروادی
Webdesk
|
12 Jan 2026
ایک نجومی نے معروف پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کی شادی سے پہلے ہی طلاق کروادی جس پر اداکارہ کا تبصرہ سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کی معروف اور شوخ مزاج اداکارہ ہانیہ عامر ایک بار پھر سوشل میڈیا پر خبروں کی زینت بن گئیں ہیں اور اس بار ایک نجومی کی جانب سے ان کی شادی اور طلاق سے متعلق حیران کن پیشگوئی وجہ بنی ہے۔
اس پیشگوئی پر اداکارہ نے اپنے مخصوص طنزیہ انداز میں ایسا جواب دیا کہ صارفین خوب محظوظ ہوئے۔
ہانیہ عامر کا شمار پاکستان کی سب سے زیادہ فالو کی جانے والی انسٹاگرام شخصیات میں ہوتا ہے۔ 28 سالہ اداکارہ کو ان کی بے باک گفتگو، زندہ دل مزاح اور مداحوں سے کھلے انداز میں بات کرنے کی وجہ سے خاصی مقبولیت حاصل ہے۔
حال ہی میں ہانیہ عامر نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک مقامی ٹی وی پروگرام کی ویڈیو شیئر کی، جس میں ایک نجومی ان کی ذاتی زندگی کے بارے میں پیشگوئی کرتا نظر آیا۔

ویڈیو میں دعویٰ کیا گیا کہ نجومی حساب کے مطابق ہانیہ عامر کو 2026 میں طلاق ہوجائے گی، حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ اداکارہ اب تک غیر شادی شدہ ہیں۔
اس پیشگوئی پر ہانیہ عامر نے فوری ردِعمل دیتے ہوئے ویڈیو پر تبصرہ کیا، “عجیب بات ہے، پہلے شادی تو ہونے دو۔”
ان کا یہ مختصر مگر برجستہ جملہ دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا۔
مداحوں نے تبصروں میں خوب مزاح کا مظاہرہ کیا۔ کسی نے لکھا، “ہانیہ، ہمیں بھی بتاؤ اگر شادی ہو گئی ہے!” جبکہ ایک اور صارف نے سوال اٹھایا، “شادی سے پہلے طلاق کیسے ممکن ہے؟”
یاد رہے کہ گزشتہ برس کے آخر میں یہ چہ مگوئیاں بھی سامنے آئی تھیں کہ ہانیہ عامر اور گلوکار عاصم اظہر کے درمیان دوبارہ قربتیں بڑھ رہی ہیں، تاہم اس حوالے سے دونوں شخصیات کی جانب سے کوئی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔
ہانیہ عامر کا یہ ردِعمل ایک بار پھر ثابت کرتا ہے کہ وہ نہ صرف اسکرین پر بلکہ حقیقی زندگی میں بھی اپنے انداز اور مزاح سے مداحوں کے دل جیتنا خوب جانتی ہیں۔
Comments
0 comment