نیتن یاہو کی سیاسی مشکلات میں اضافہ، اتحادی حکومت بنانے کی کوشش ناکام

نیتن یاہو کی سیاسی مشکلات میں اضافہ، اتحادی حکومت بنانے کی کوشش ناکام

نیتن یاہو نے آئزنکوٹ کے اقلیتی حکومت بنانے کے منصوبے پر بھی تنقید کی
نیتن یاہو کی سیاسی مشکلات میں اضافہ، اتحادی حکومت بنانے کی کوشش ناکام

Webdesk

|

15 Nov 2026

اسرائیلی اپوزیشن رہنما اور وزارت عظمی کے امیدوار گادی آئزنکوٹ نے نیتن یاہو کی قومی اتحادی حکومت بنانے کی درخواست کو سیاسی چال قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب گادی آئزنکوٹ گزشتہ اتوار کو وزارت عظمی کے لیے نامزد کیے جانے کے بعد نئی حکومت تشکیل دینے کے لیے سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کر رہے ہیں۔

  اسرائیلی انتخابات کے بعد 67 ارکانِ پارلیمان کی حمایت حاصل کرنے والے گادی آئزنکوٹ کو اسرائیلی صدر نے حکومت بنانے کی ذمہ داری دی ہوئی ہے۔ترک میڈیا ٹی آر ٹی کے مطابق گادی آئزن کوٹ کا کہنا تھا کہ نیتن یاہو جانتے ہیں کہ وہ انتخابات ہار چکے ہیں.اتحادی حکومت کی پیشکش نئی حکومت کی تشکیل مشکل بنانے کی کوشش ہے. یہ حربے مجھ پر اور اسرائیل کے شہریوں پر اثر انداز نہیں ہوتے۔

گزشتہ روز نیتن یاہو نے ویڈیو بیان میں کہا تھا کہ جمعرات کو آئزنکوٹ سے ہونے والی ملاقات نے ان کے اس یقین کو مزید مضبوط کیا ہے کہ اسرائیل کی سلامتی یقینی بنانے کیلیے قومی اتحادی حکومت کا قیام ضروری ہے۔ ایسی حکومت ایران کے خطرے کو ہمیشہ کیلیے ختم کر سکتی ہے۔

نیتن یاہو نے آئزنکوٹ کے اقلیتی حکومت بنانے کے منصوبے پر بھی تنقید کی، جسے قومی ہنگامی حکومت کا نام دیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت آئزنکوٹ کے اتحاد کے 48 ارکان پارلیمنٹ حکومت کے حق میں ووٹ دیں گے، جبکہ نیتن یاہو کے حامی 46 ارکان اس کی مخالفت کریں گے۔

 باقی 26 ارکان، جن کا تعلق عرب اور انتہائی قدامت پسند یہودی جماعتوں سے ہے، ووٹنگ میں حصہ نہ لے کر حکومت کے قیام کی راہ ہموار کر سکتے ہیں۔سابق اسرائیلی آرمی چیف آئزنکوٹ نے نیتن یاہو کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ نیتن یاہو ایک طرف مذاکرات کی بات کر رہے ہیں جبکہ دوسری جانب حکومت سازی کیلیے مذاکرات پہلے ہی جاری ہیں۔

 وہ اتحاد کا دعوی کرتے ہیں لیکن درحقیقت سیاسی تقسیم اور کشیدگی کو ہوا دے رہے ہیں۔ یہ چالیں ان پر اثر انداز نہیں ہوں گی۔گادی آئزنکوٹ کو نئی حکومت تشکیل دینے کے لیے 28 دن دیے گئے ہیں، جبکہ ضرورت پڑنے پر انہیں مزید 14 دن کی مہلت بھی مل سکتی ہے۔

Comments

https://www.dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!