پاکستان میں فیول ریلیف ختم کرنے کی تجویز، آئی ایم ایف کا نیا مطالبہ
Webdesk
|
15 Nov 2026
اسلام آباد: ترجمان آئی ایم ایف نے عرب نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سے فیول سبسڈی ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ فیول سپورٹ اسکیم کو مرحلہ وار ختم کیا جائے۔
ترجمان آئی ایم ایف کا کہنا تھا کہ مستقبل میں فیول سپورٹ محدود اور وقت کی پابند ہونی چاہیے، اور اسے مالی سال 2027 کے بجٹ کے اندر رکھا جائے۔
ترجمان نے بتایا کہ پاکستان نے ستمبر میں کم آمدنی والے موٹر سائیکل سواروں کے لیے سبسڈی شروع کی۔ جس کے تحت موٹر سائیکل اور رکشہ صارفین کو ہفتہ وار 500 روپے کا پیٹرول ٹوکن ملتا ہے، اور 800 سی سی تک گاڑیوں کو فی لیٹر 100 روپے رعایت دی جا رہی ہے۔
ترجمان آئی ایم ایف کے مطابق ادارے نے 7 اکتوبر کے اسٹاف لیول معاہدے میں سبسڈی ختم کرنے کا کہا تھا۔ آئی ایم ایف کا مقف ہے کہ سبسڈی کی ٹارگٹنگ وسیع ہے، اس لیے اسے ختم کیا جائے۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان آئی ایم ایف کے 7 ارب ڈالر کے قرض پروگرام کے تحت معیشت بحال کر رہا ہے اور اس نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں عالمی قیمتوں سے ہم آہنگ کرنے کا وعدہ کیا ہے۔
ترجمان آئی ایم ایف کے مطابق مشرق وسطی کی جنگ پاکستان کے لیے بڑی رکاوٹ ہے۔ پاکستان خلیجی ممالک سے تیل اور گیس کی درآمد پر انحصار کرتا ہے، جب کہ تیل کی زیادہ قیمتوں سے پاکستان میں مہنگائی بڑھی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ اکتوبر میں مہنگائی کی شرح 9.6 فی صد رہی، جب کہ ستمبر میں یہ 10.3 فی صد تھی۔ تیل کی قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھا معاشی منظرنامے کو متاثر کر سکتا ہے۔ آئی ایم ایف نے معاشی استحکام برقرار رکھنے پر زور دیا ہے۔
ادارے کے مطابق سرکاری اداروں میں اصلاحات اور توانائی کے شعبے کی بہتری ضروری ہے۔ترجمان آئی ایم ایف نے بتایا کہ ادارے کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس دسمبر میں متوقع ہے۔
Comments
0 comment