5 hours ago
مکہ الائنس کا ہنگامی اجلاس، پاکستان اور ترکیہ کا فوجی قوت سعودی عرب منتقل کرنے کا فیصلہ
ویب ڈیسک
|
6 Oct 2026
ریاض: سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ پر مشتمل مکہ الائنس برائے دفاع کی اسٹریٹجک، سیاسی و دفاعی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس ہوا، جس میں سعودی عرب کو درپیش سیکیورٹی خطرات کا جائزہ لیتے ہوئے اجتماعی دفاعی اقدامات فوری طور پر نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزارت خارجہ کے مطابق اجلاس میں مکہ الائنس کے ادارہ جاتی ڈھانچے کو مزید فعال بنانے سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے، جبکہ پاکستان کے لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نعمان محمود کو تین سال کے لیے الائنس کا پہلا سیکریٹری جنرل مقرر کردیا گیا۔
اجلاس میں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کو نشانہ بنانے کی کوششوں سمیت سعودی شہروں، شہریوں اور اقتصادی تنصیبات پر حملوں کی شدید مذمت کی گئی۔ پاکستان اور ترکیہ نے سعودی عرب کی سلامتی اور علاقائی سالمیت کے خلاف کسی بھی حملے یا دھمکی کو مسترد کردیا۔
تینوں ممالک نے اجتماعی دفاع سے متعلق وعدوں پر فوری عملی اقدامات شروع کرنے پر اتفاق کیا۔ اس مقصد کے لیے طے شدہ فوجی دستوں اور مطلوبہ دفاعی صلاحیتوں کی سعودی عرب میں تیز رفتار تعیناتی کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔
وزارت خارجہ کے مطابق فوجی دستوں کی فراہمی اور تعیناتی متعلقہ ممالک کے منظور شدہ انتظامات اور قومی قوانین کے مطابق ہوگی، جس سے تینوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون اور مشترکہ طور پر خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت مزید مضبوط ہوگی۔
اجلاس میں تینوں ممالک نے اپنے دفاع، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ مکہ معاہدہ برائے مشترکہ دفاع کی دفعات کے مطابق اجتماعی سلامتی کو یقینی بنایا جائے گا۔
Comments
0 comment