3 hours ago
فرانس میں جین زی کا احتجاج: 500 اسکولز بند
Webdesk
|
5 Oct 2026
فرانس: فرانس میں طلبہ کے احتجاج کے باعث آج 500 اسکول بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کو فرانسیسی وزیر تعلیم ایڈوارڈ گفری نے بتایا کہ سیکیورٹی کی صورتحال تسلی بخش نہ ہونے کے باعث بعض اسکولوں میں تدریسی عمل مکمل طور پر جبکہ بعض میں جزوی طور پر معطل رہے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پیر کو متاثر ہونے والے اسکولوں کی تعداد جمعے کے قریب رہنے کا امکان ہے. تاہم تعلیمی سرگرمیاں مرحلہ وار بحال کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
فرانس میں گزشتہ ہفتے شروع ہونے والا طلبہ کا احتجاج دارالحکومت پیرس سے نکل کر مون پلیے، نانت اور مارسیلے سمیت دیگر شہروں تک پھیل گیا ہے۔
ہزاروں طلبہ نے اسکولوں میں اساتذہ کی کمی، کلاس رومز میں گنجائش سے زیادہ طلبہ اور خستہ حال عمارتوں کے خلاف احتجاج کیا ہے۔
فرانسیسی وزیر انصاف جیرالڈ دارمانین نے جمعے کو بتایا تھا کہ ملک کے 3 ہزار 700 اسکولوں میں سے 735 کسی نہ کسی صورت میں پرتشدد احتجاج سے متاثر ہوئے ہیں۔
وزیر تعلیم ایڈوارڈ گفری نے دعوی کیا کہ انتہائی بائیں بازو سے تعلق رکھنے والے بعض کارکن طلبہ کی تحریک میں شامل ہوکر احتجاج کو طلبہ کے اصل مطالبات سے ہٹا رہے ہیں اور شدید تشدد میں ملوث ہیں۔
ان کے مطابق ان واقعات سے تعلیمی عملے اور طلبہ دونوں کی سلامتی کو خطرہ لاحق ہے۔ انہوں نے بتایا کہ احتجاج کے دوران محکمہ تعلیم کے 78 ملازمین زخمی ہوچکے ہیں، جو ان کے بقول اس نوعیت کا غیر معمولی واقعہ ہے۔
فرانسیسی وزیر داخلہ لوراں نونیز کے مطابق صرف جمعے کو ایک ہزار 747 افراد کو گرفتار کیا گیا، جبکہ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق احتجاجی تحریک شروع ہونے کے بعد مجموعی طور پر 5 ہزار سے زائد افراد گرفتار کیے جاچکے ہیں۔
جن میں تقریبا 85 فیصد نابالغ ہیں۔احتجاج کے منتظمین نے حکومت پر ٹھوس اقدامات نہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے مظاہرے منگل کو بھی جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
Comments
0 comment