بابراعظم اور غازی غوری کی شاندار بیٹنگ، پاکستان نے آسٹریلیا کو پہلے ون ڈے میں شکست دے دی
ویب ڈیسک
|
30 May 2026
پاکستان نے بابر اعظم اور غازی غوری کی شاندار بیٹنگ کی بدولت سیریز کے پہلے ون ڈے میچ میں آسٹریلیا کو پانچ وکٹوں سے باآسانی شکست دے دی۔
راولپنڈی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے کپتان شاہین آفریدی نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
آسٹریلیا کی ٹیم پاکستان کی جانب سے شاندار بولنگ کی بدولت 44.1 اوور میں 200 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے عرفات منہاس نے 10 اوورز میں 32 رنز اور ایک میڈان اور کروایا جبکہ پانچ وکٹیں لیں۔
اس کے علاوہ محمد ابرار نے دو، حارث رؤف، شاہین آفریدی اور سلمان آغا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
آسٹریلیا کی جانب سے متھ رینشا 65 جبکہ میتھیو شارٹ 55 کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے، کینگروز الیون کے 6 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔
پاکستان نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو معاذ صداقت 25 کے مجموعی جبکہ 8 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوگئے، 49 رنز پر صاحبزادہ فرحان بھی پویلین لوٹے انہوں نے 28 رنز کی اننگز کھیلی۔
پھر بابر اعظم اور وکٹ کیپر غازی غوری نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچریاں اسکور کیں اور اسکور کو 176 تک پہنچایا تو بابر اعظم 94 گیندوں پر 4 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 69 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی غازی غوری تھے جنہوں نے 92 گیندوں پر 8 چوکوں کی مدد سے 65 رنز کی اننگز کھیلی۔
سلمان علی آغا 8 رنز بناسکے جبکہ عرفات منہاس 18 اور عبدالصمد ایک رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔آسٹریلیا کے نتھن ایلس 2 وکٹیں لے کر نمایاں بولر رہے جبکہ میتھیو، تنویر سانگا اور مارنوس کے حصے میں 1، 1 وکٹ آئی۔
پاکستان نے 200 رنز ہدف کے تعاقب میں 42.3 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز بنائے اور سیریز کے پہلے میچ میں فتح اپنے نام کرلی۔
Comments
0 comment