صوابی میں کلاؤڈ برسٹ کے بعد سیلابی صورت حال، 15 افراد جاں بحق

صوابی میں کلاؤڈ برسٹ کے بعد سیلابی صورت حال، 15 افراد جاں بحق

ڈپٹی کمشنر صوابی نصراللہ خان نے بتایا کہ دالوڑی گاؤں میں کلاؤڈ برسٹ سے 12 گھر زیر آب آگئے
صوابی میں کلاؤڈ برسٹ کے بعد سیلابی صورت حال، 15 افراد جاں بحق

ویب ڈیسک

|

18 Aug 2025

خیبر پختونخوا کے ضلع صوابی میں کلاؤڈ برسٹ اور لینڈسلائیڈنگ سے شدید تباہی ہوئی، جس کے نتیجے میں متعدد افراد سیلابی ریلے میں بہہ گئے اور کئی کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔

ڈپٹی کمشنر صوابی نصراللہ خان نے بتایا کہ دالوڑی گاؤں میں کلاؤڈ برسٹ سے 12 گھر زیر آب آگئے، جس سے 15 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیلابی ریلے کا بہاؤ انتہائی تیز ہے اور پہاڑی علاقوں میں لینڈسلائیڈنگ بھی ہوئی ہے۔ انتظامیہ، ریسکیو اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ چکی ہیں، جبکہ ہری پور اور مردان سے بھی ریسکیو ٹیمیں طلب کی گئی ہیں۔ انہوں نے عوام سے رضاکارانہ طور پر متاثرین کی مدد کی اپیل کی۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کمشنر مردان اور دیگر حکام سے رابطہ کر کے ڈپٹی کمشنر صوابی کو متاثرہ علاقوں میں فوری پہنچنے اور ریسکیو آپریشن کی نگرانی کی ہدایت کی۔

رپورٹس کے مطابق، بادل پھٹنے سے درجنوں گھر ڈوب گئے اور 70 سے زائد محصور افراد کو ریسکیو کر لیا گیا۔ صوابی کی تحصیلوں رزڑ، لاہور اور ٹوپی میں طوفانی بارشوں کے بعد گھروں میں پانی داخل ہوا، جس سے لوگوں نے چھتوں پر پناہ لی۔

سٹیفہ موڑ گدون میں سیلابی ریلے میں پھنسے افراد نے بھی چھتوں پر پناہ لی اور امداد کے منتظر ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے امدادی اور ریسکیو ٹیمیں فوری متاثرہ علاقوں میں پہنچائی جائیں اور ملحقہ اضلاع سے بھی ٹیمیں روانہ کی جائیں۔

دوسری جانب، گدون امازئی کے گاؤں سرکوئی پایاں میں مکان کی چھت گرنے سے 4 افراد، جن میں دو خواتین اور دو بچے شامل ہیں، جاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے۔ زخمیوں اور لاشوں کو ٹوپی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

Comments

https://www.dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!