پارہ 50 ڈگری تک پہنچنے کی پیشگوئی، شہریوں کو احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی ہدایت

19 hours ago

پارہ 50 ڈگری تک پہنچنے کی پیشگوئی، شہریوں کو احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی ہدایت

سندھ کے مختلف اضلاع میں عید کے دنوں میں درجہ حرارت میں بہت زیادہ اضافہ ہوسکتا ہے
پارہ 50 ڈگری تک پہنچنے کی پیشگوئی، شہریوں کو احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی ہدایت

ویب ڈیسک

|

25 May 2026

محکمہ موسمیات نے سندھ بھر میں شدید گرمی کی لہر سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران بعض علاقوں میں درجہ حرارت پچاس ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے

محکمے کے مطابق سندھ کی بالائی فضا میں موجود ہائی پریشر سسٹم مزید مضبوط ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث صوبے کے بیشتر اضلاع میں اکتیس مئی تک درمیانی سے شدید ہیٹ ویو برقرار رہ سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں، خصوصاً بچوں، خواتین اور بزرگ افراد کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ کاشتکاروں کو بھی فصلوں اور مویشیوں کی حفاظت کے لیے خصوصی توجہ دینے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

پیش گوئی کے مطابق سکھر، لاڑکانہ اور دادو سمیت مختلف اضلاع میں درجہ حرارت سینتالیس سے پچاس ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ اسی طرح تھرپارکر، بدین، حیدرآباد، میرپورخاص اور جامشورو میں پارہ چوالیس سے سینتالیس ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شدید گرمی کے باعث بجلی کی طلب میں بھی اضافہ ہو سکتا ہے، اس لیے شہریوں کو غیر ضروری بجلی استعمال نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب کراچی میں پیر اور منگل کے روز درجہ حرارت چونتیس سے چھتیس ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ بدھ کو پینتیس سے سینتیس ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں سمندری ہوائیں معمول کے مطابق چلتی رہیں گی، جس سے گرمی کی شدت نسبتاً کم محسوس ہوگی۔

Comments

https://www.dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!