پمز اسپتال آتشزدگی میں 14 نومولود جاں بحق،لاشیں ناقابلِ شناخت

پمز اسپتال آتشزدگی میں 14 نومولود جاں بحق،لاشیں ناقابلِ شناخت

حادثہ اس قدر اچانک پیش آیا کہ بچانے کاموقع نہ مل سکا بس ایک بچہ محفوظ رہا
پمز اسپتال آتشزدگی میں 14 نومولود جاں بحق،لاشیں ناقابلِ شناخت

ویب ڈیسک

|

26 Aug 2026

اسلام آباد: پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کے مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ وارڈ میں آتشزدگی کے افسوسناک واقعے کے نتیجے میں 14 نومولود بچے جاں بحق ہوگئے، جبکہ ایک بچے کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ واقعہ بدھ کی صبح ہسپتال کی تیسری منزل پر پیش آیا۔

پمز انتظامیہ کے مطابق آگ تقریباً صبح 7 بجے وارڈ میں لگی، جہاں 15 نومولود زیر علاج تھے۔ امدادی ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پایا اور متاثرہ بچوں کو آئی سی یو منتقل کیا، تاہم 14 بچے جانبر نہ ہوسکے۔ ریسکیو آپریشن میں فائر بریگیڈ کی 6 گاڑیوں اور 4 ایمبولینسوں نے حصہ لیا۔

ابتدائی اطلاعات میں آگ کی وجہ شارٹ سرکٹ یا ایئر کنڈیشننگ یونٹ میں خرابی بتائی گئی ہے، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ حتمی وجہ تحقیقات کے بعد ہی سامنے آئے گی۔ وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری کے مطابق ابتدائی طور پر شارٹ سرکٹ کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ آکسیجن اور دیگر طبی آلات کی موجودگی کے باعث آگ تیزی سے پھیلی۔

واقعے کے بعد متاثرہ خاندانوں کی بڑی تعداد ہسپتال پہنچ گئی۔ پولیس کے مطابق شدید جھلسنے کے باعث بچوں کی شناخت میں مشکلات پیش آرہی ہیں اور بعض لاشوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ بچوں کی ہلاکت ناقابل تلافی نقصان ہے، واقعے کی وجوہات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے اور ذمہ داروں کا تعین کرکے سخت کارروائی کی جائے۔

صدر آصف علی زرداری نے بھی نومولود بچوں کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ داروں کے تعین اور قانون کے مطابق کارروائی کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے ہسپتالوں میں فائر سیفٹی اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے مؤثر انتظامات یقینی بنانے پر زور دیا۔

اسلام آباد انتظامیہ نے واقعے کی وجوہات، فائر سیفٹی انتظامات اور امدادی کارروائیوں کا جائزہ لینے کے لیے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی بھی قائم کردی ہے۔ کمیٹی کو واقعے سے متعلق رپورٹ 24 گھنٹے میں پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور حکام کی جانب سے آگ لگنے کی حتمی وجہ اور کسی ممکنہ غفلت کے تعین کے بعد مزید کارروائی متوقع ہے۔

Comments

https://www.dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!