1 hour ago
میر رضا کو مشکوک ٹرانزیکشن پر این سی سی آئی اے میں طلب کیے جانے کا انکشاف
ویب ڈیسک
|
3 Oct 2026
کراچی: میر رضا قتل کیس کی تحقیقات میں ایک اور اہم پہلو سامنے آگیا، مقتول کو قتل سے کچھ عرصہ قبل مالی فراڈ سے متعلق انکوائری میں قومی سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے طلب کر رکھا تھا۔
دستیاب معلومات کے مطابق این سی سی آئی اے میں مالی فراڈ سے متعلق انکوائری نمبر 261/26 رواں سال 2 فروری کو درج کی گئی تھی، جبکہ 19 جون کو جاری نوٹس میں میر رضا کو 25 جون کو تحقیقات کے لیے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی تھی۔
نوٹس میں 11 لاکھ 44 ہزار روپے کی رقم کی منتقلی کا بھی ذکر کیا گیا۔ تحقیقاتی حکام کے مطابق عصمت اللہ نامی شخص نے مبینہ طور پر 25 فروری کو ایزی پیسہ کے ذریعے یہ رقم میر رضا کو منتقل کی تھی۔
ذرائع کے مطابق اسی روز میر رضا نے 10 لاکھ 50 ہزار روپے حسن تنولی نامی شخص کو منتقل کیے تھے۔ حسن تنولی نے بھی رقم منافع سمیت وصول کرنے کا اعتراف کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق این سی سی آئی اے کا نوٹس موصول ہونے کے بعد میر رضا نے سرکاری نمبر پر رابطہ کیا تھا، تاہم عصمت اللہ نامی شخص کی شناخت اور اس کے کردار سے متعلق مزید معلومات تاحال سامنے نہیں آسکیں۔
اہم بات یہ ہے کہ میر رضا قتل کیس کے عبوری چالان میں این سی سی آئی اے کی مالی فراڈ سے متعلق اس انکوائری کا ذکر موجود نہیں۔
ذرائع کے مطابق این سی سی آئی اے کا نوٹس جاری ہونے کے تقریباً 40 روز بعد میر رضا کی لاش برآمد ہوئی تھی۔ مالی فراڈ کی انکوائری کا پہلو سامنے آنے کے بعد قتل کیس کی تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع ہوگیا ہے۔
Comments
0 comment