3 hours ago
لاہور میں مبینہ اجتماعی زیادتی کیس، آذربائیجانی خاتون کا وطن واپس جانے سے انکار
ویب ڈیسک
|
3 Oct 2026
لاہور میں مبینہ اجتماعی زیادتی کیس کی متاثرہ آذربائیجانی خاتون ڈیانا نے وطن واپس جانے سے انکار کردیا، طیارے میں سوار ہونے کے بعد خاتون نے سفر سے انکار کیا جس پر اسے آف لوڈ کردیا گیا۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق ڈیانا کا مؤقف تھا کہ اسے دھوکے سے آذربائیجان واپس بھیجا جارہا ہے، خاتون کو انٹرنیشنل بریفنگ ہال منتقل کرکے سیکیورٹی اہلکاروں کی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس کی خواتین اہلکار بھی ایئرپورٹ پہنچ گئی ہیں، تاہم خاتون کو پولیس کے حوالے کرنے سے قبل قانونی تقاضے مکمل کیے جارہے ہیں۔ پاکستانی وزارت خارجہ اور متعلقہ اداروں نے بھی معاملے کی رپورٹس طلب کرلی ہیں۔
دوسری جانب کیس میں گرفتار شریک ملزمہ مسکان کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت میں پیش کیا گیا۔ پولیس نے مزید جسمانی ریمانڈ نہ لینے کی استدعا کی، جس پر جوڈیشل مجسٹریٹ اظہر محمود نے مسکان کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا اور 17 اکتوبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
Comments
0 comment