5 hours ago
کراچی میں واٹر ٹینکر نے 12 سالہ لڑکے کی جان لے لی
ویب ڈیسک
|
5 Oct 2026
کراچی: نارتھ ناظم آباد میں تیز رفتار واٹر ٹینکر نے اسکوٹی پر سوار 12 سالہ لڑکے کو کچل دیا، حادثے کے بعد والد ہوش کھو بیٹھا جبکہ مشتعل شہریوں نے ڈرائیور کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا۔
پولیس کے مطابق حادثہ بلاک این میں سخی حسن فلائی اوور سے متصل سڑک پر شادی ہالز کے سامنے پیش آیا، جہاں واٹر ٹینکر نے اسکوٹی کو ٹکر ماری۔ حادثے میں اسکوٹی پر والد کے ساتھ سوار لڑکا ٹینکر کے پچھلے پہیے تلے آکر جاں بحق ہوا۔
حادثے کے بعد مشتعل افراد نے واٹر ٹینکر پر پتھراؤ کرکے اس کے شیشے توڑ دیے جبکہ ڈرائیور کو پکڑ لیا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر ڈرائیور ندیم آرائیں کو گرفتار کرلیا اور واٹر ٹینکر قبضے میں لے لیا۔
ایس ایچ او تیموریہ ثاقب خان کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کی جارہی ہیں۔ پولیس کے مطابق جاں بحق لڑکے کی شناخت 12 سالہ ریان ولد طاہر کے نام سے ہوئی ہے، جو نیا ناظم آباد کا رہائشی تھا اور والد کے ساتھ عزیز سے ملنے جارہا تھا۔
Comments
0 comment