کراچی، جان لیوا حادثے کے بعد ڈمپر جلانے کے الزام میں گرفتار پانچ ملزمان کا 6 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

ویب ڈیسک
|
13 Aug 2025
کراچی کے راشد منہاس روڈ پر ڈمپر حادثے میں بہن بھائی کی ہلاکت اور والد کے زخمی ہونے پر ڈمپر جلانے کے الزام میں گرفتار پانچ ملزمان کو عدالت نے 6 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
تفصیلات کے مطابق انسدادِ دہشت گردی کی منتظم عدالت نے راشد منہاس روڈ پر ڈمپر جلانے کے مقدمے میں گرفتار پانچ ملزمان کو تفتیش کے لیے 6 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔ پولیس نے ملزمان کو سینٹرل جیل انسدادِ دہشت گردی کمپلیکس میں قائم عدالت میں پیش کیا تھا۔
یوسف پلازہ پولیس نے جن ملزمان کو عدالت کے سامنے پیش کیا ان میں عمر ایوب، محمد مراد، محمد ولید، ضمن حسین اور وسام عابد شامل ہیں۔ تفتیشی افسر نے عدالت سے ملزمان کے 14 دن کے ریمانڈ کی درخواست کرتے ہوئے بتایا کہ ملزمان نے اپنے جرم کا انکشاف کیا ہے اور ان کی شناخت وائرل ویڈیوز اور مخبر خاص کی نشاندہی پر کی گئی ہے۔
پولیس نے یہ بھی بتایا کہ ملزم وسام کو گرفتار شدہ ملزم ضمن کی نشاندہی پر حراست میں لیا گیا تھا۔
عدالت نے 14 دن کے ریمانڈ کی استدعا پر استفسار کیا کہ آخر کس چیز کی تفتیش کے لیے اتنے زیادہ دنوں کا ریمانڈ درکار ہے؟ اس پر تفتیشی افسر نے بتایا کہ مقدمے میں شریکِ جرم سید بلال سمیت دیگر ملزمان کی گرفتاری باقی ہے اور شواہد جمع کرنے کے ساتھ ساتھ بیانات قلمبند کرنا ہیں۔
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ملزمان کو 6 دن کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرتے ہوئے 20 اگست کو پیش کرنے اور پیشرفت رپورٹ جمع کرانے کا حکم جاری کر دیا۔
واضح رہے کہ پولیس کے مطابق، یہ واقعہ ڈمپر کی ٹکر سے ایک بھائی اور بہن کی ہلاکت کے بعد پیش آیا تھا، جس پر مشتعل افراد نے احتجاجاً متعدد ڈمپروں کو آگ لگا دی تھی۔ اس واقعہ کا مقدمہ یوسف پلازہ تھانے میں انسدادِ دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج کیا گیا تھا۔
Comments
0 comment