3 hours ago
بلاول ہائوس کے قریب سیف سٹی کیمرے کا ڈسٹری بیوشن باکس چوری
Webdesk
|
13 Nov 2025
کراچی میں بلاول ہائوس کے قریب سیف سٹی کیمرے کا ڈسٹری بیوشن باکس چوری ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈسٹری بیوشن باکس سیف سٹی کیمروں کو بہتر سروس فراہم کرنے میں مدد کرتا ہے جس کی چوری ہونے کی واردات 6 نومبر کو ہوئی تاہم اس حوالے سے تاحال کچھ پتا نہیں چل سکاہے۔
گفتگو کرتے ہوئے ڈی آئی جی سائوتھ اسد رضا نے کہا کہ ڈسٹری بیوشن باکس کافی اونچا اور وزنی ہے اسے چوری کرنا آسان عمل نہیں، ڈسٹری بیوشن باکس کیسے غائب ہوا اس کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کررہے ہیں۔
ڈی آئی جی سائوتھ کے مطابق عینی شاہدین کے مطابق ایک گاڑی کی مدد سے ڈسٹری بیوشن باکس پرکام کیا جارہا تھا، سیف سٹی کیمروں اورا س سے منسلک سامان میں کوئی سکیورٹی یا الارم سسٹم بھی نہیں۔
دوسری جانب ڈائریکٹر جنرل سیف سٹی پروجیکٹ آصف اعجاز شیخ نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بلاول ہائوس چورنگی کے قریب سیف سٹی کیمروں سے منسلک ڈی بی باکس چوری ہوا ہے جس کے بعد کیمرے بند ہوگئے جنہیں کھمبے سے اتار لیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ڈسٹری بیوشن باکس میں لاکھوں روپے مالیت کا سامان ہوتا ہے، چوری ہونے پر الارم کیوں نہیں بجا اس کی بھی معلومات لے رہے ہیں۔
Comments
0 comment