5 hours ago
ایران کا امریکا اور اسرائیل کے حملے کے بعد بھرپور جواب، امریکی اہداف کو نشانہ بنایا
Webdesk
|
28 Feb 2026
مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی میں اچانک اضافہ ہوگیا ہے جب اسرائیل اور امریکا کی جانب سے ایران کے دارالحکومت تہران پر فضائی حملے کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حملوں کے بعد شہر میں ہنگامی سائرن بجا دیے گئے جبکہ کم از کم تین زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔
اسرائیلی وزیر دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے خلاف یہ کارروائی مشترکہ نوعیت کی تھی جس میں امریکی فضائیہ نے بھی حصہ لیا۔
دوسری جانب ایرانی حکام کی طرف سے فوری طور پر حملوں کی مکمل تفصیلات جاری نہیں کی گئیں، تاہم بوشہر کے علاقے میں بھی فضائی کارروائی کی اطلاعات ہیں۔ حملوں کے بعد ایرانی بحریہ کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ قریباً بیس امریکی اور اسرائیلی لڑاکا طیارے شام کے علاقے دارا کی فضائی حدود میں پرواز کرتے ہوئے ایران کی سمت جاتے دیکھے گئے۔
ادھر امریکی صدر Donald Trump نے ہنگامی بیان میں اعلان کیا کہ امریکی افواج نے ایران کے خلاف وسیع پیمانے پر آپریشن شروع کر دیا ہے جسے ’ایپک فیوری‘ کا نام دیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران طویل عرصے سے خطے میں امریکی مفادات کے خلاف سرگرم رہا ہے اور امریکا اسے جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ اس آپریشن کے دوران امریکی فوجیوں کو خطرات لاحق ہوسکتے ہیں، تاہم امریکا اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔
خطے کی تیزی سے بدلتی صورتحال کے باعث عالمی سطح پر تشویش میں اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ ماہرین اسے مشرقِ وسطیٰ میں ایک بڑے تصادم کی ابتدا قرار دے رہے ہیں۔
Comments
0 comment