7 ماہ کے دوران ہیوی ٹریفک نے 168 زندگیوں کے چراغ گل کردیے

7 ماہ کے دوران ہیوی ٹریفک نے 168 زندگیوں کے چراغ گل کردیے

کراچی میں ڈمپر، ٹینکر اور ٹریلر پر مشتمل ہیوی ٹریفک شہریوں کا قاتل بن چکا ہے
7 ماہ کے دوران ہیوی ٹریفک نے 168 زندگیوں کے چراغ گل کردیے

Webdesk

|

12 Aug 2025

 کراچی: شہر قائد میں ڈمپر ٹینکر ٹریلر رواں برس میں اب تک 168 افراد کی جانیں لے چکے ہیں لیکن حادثات کا سلسلہ تھم نہیں رہا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں ڈمپر، ٹینکر اور ٹریلر پر مشتمل ہیوی ٹریفک شہریوں کا قاتل بن چکا ہے اور ہر روز کوئی نہ کوئی انسانی جان اس کے پہیوں تلے روندی جا رہی ہے۔

دو روز قبل گلشن اقبال راشد منہاس روڈ پر ڈمپر نے موٹر سائیکل سواروں کو کچل ڈالا، جس کے نتیجے میں بہن اور بھائی موقع پر ہی دم توڑ گئے جب کہ ان کا والد شدید زخمی ہو گیا۔جس لڑکی کی اس واقعہ میں موت ہوئی، اس کی ایک ماہ بعد شادی ہونے والی تھی اور گھر والے اس کی شادی کی تیاریوں میں مصروف تھے۔

تاہم یہ پہلا دلخراش حادثہ نہیں بلکہ کراچی کی سڑکوں پر بے قابو ہیوی ٹریفک حادثے میں روز کوئی نیا سانحہ اور ہولناک داستان رونما ہوتی ہے۔چند ماہ قبل گلستان جوہر کے قریب ہیوی ٹریفک نے میاں بیوی کو کچل ڈالا تھا جس میں دونوں کی موقع پر ہی موت ہو گئی تھی۔

 خاتون حاملہ تھی اور چند دن میں اس کے ہاں بچے کی پیدائش متوقع تھی۔یہ جوڑا چیک اپ کے لیے اسپتال جا رہا تھا کہ راستے میں ڈمپر آ گیا۔ اس حادثے کا سب سے ہولناک پہلو یہ تھا کہ ڈمپر کے پہیے نے خاتون کو اس بری طرح کچلا کہ اس کا پیٹ پھٹ گیا اور بچہ باہر آ گیا تھا جو کچھ دیر بعد اپنے ماں باپ کے پاس ہی چلا گیا تھا۔

اس کے علاوہ بھی حادثات میں جو جاں بحق ہوئے۔ ان میں کوئی گھر کا واحد کفیل تھا تو کئی والدین کی اکلوتی اولاد تھے۔آئے روز کے حادثات کے بعد کمشنر کراچی نے شہر میں صبح 6 بجے سے رات 10 بجے تک ہیوی ٹریفک کے داخلے پر مکمل پابندی بھی عائد کی، جب کہ سندھ حکومت نے ہیوی ٹریفک کے لیے حد اسپیڈ 30 کلومیٹر مقرر کی۔

 لیکن اکثر حادثات دن کے اوقات میں ہوئے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ انتظامیہ پابندی پر عملدرآمد کرانے میں ناکام رہی۔آئے روز ہیوی ٹریفک حادثات میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر مشتعل افراد متعدد بار ٹینکر اور ڈمپر جلا ڈالے لیکن حادثات تھمنے کا نام نہیں لے رہے۔

ریسکیو حکام نے رواں برس یکم جنوری سے 10 اگست تک شہر قائد میں ہیوی ٹریفک سے ہونے والے جانی نقصان کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ رواں برس کے 7 ماہ 10 دن کے دوران ہیوی ٹریفک نے 168 زندگیوں کے چراغ گل کیے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق سب سے زیادہ اموات ٹریلر کی ٹکر سے ہوئیں اور 62 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ واٹر ٹینکر نے 37 افراد کی جانیں لیں تو ڈمپر نے 34 افراد کو روند کر زندگی سے آزاد کر دیا۔اس کے علاوہ بسوں کی ٹکر سے 20 اور منی ٹرک کی وجہ سے 15 افراد موت کے منہ میں چلے گئے۔

Comments

https://www.dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!