سیلاب کا خطرہ، چوبیس گھنٹے میں دوسری بار بھارت کا پاکستان سے رابطہ

سیلاب کا خطرہ، چوبیس گھنٹے میں دوسری بار بھارت کا پاکستان سے رابطہ

بھارت نے پاکستان کو دوسری بار خطرے سے آگاہ کیا ہے
سیلاب کا خطرہ، چوبیس گھنٹے میں دوسری بار بھارت کا پاکستان سے رابطہ

ویب ڈیسک

|

25 Aug 2025

اسلام آباد: پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کے بعد پہلی بار سفارتی سطح پر رابطہ ہوا ہے، جس میں بھارت نے پاکستان کو 24 گھنٹے کے دوران دوسری مرتبہ ممکنہ سیلاب کے خطرے سے آگاہ کیا ہے۔

سفارتی ذرائع کے مطابق، اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن نے وزارت خارجہ سے رابطہ کر کے دریائے ستلج میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کے حوالے سے معلومات فراہم کیں۔

اس سے قبل، بھارتی ہائی کمیشن نے جموں و کشمیر کے دریائے توی میں بھی سیلاب کے ممکنہ خطرے سے پاکستان کو مطلع کیا تھا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے اس حوالے سے بتایا کہ بھارت نے 24 اگست 2025 کو سیلابی وارننگ سفارتی ذرائع سے فراہم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ رابطہ سندھ طاس معاہدے کے تحت انڈس واٹر کمیشن کے بجائے سفارتی سطح پر کیا گیا ہے، اور بھارت پر لازم ہے کہ وہ اس معاہدے کی تمام شقوں پر مکمل عملدرآمد کرے۔

ترجمان نے بھارت کی جانب سے معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل قرار دینے کو بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا۔

وزارت آبی وسائل نے اس الرٹ کے بعد متعلقہ 27 وزارتوں اور اداروں کو ایک انتباہی خط جاری کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ بھارت کی جانب سے دریائے ستلج میں پانی چھوڑنے کے بعد شدید طغیانی کا خطرہ ہے۔

اس خط میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ دریائے توی کا سیلابی پانی دریائے چناب میں گرتا ہے، جس سے پاکستان میں دریاؤں کے بہاؤ میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

Comments

https://www.dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!