اسلام آباد دھماکا، خودکش حملہ آور کو جیکٹ پہنانے والے سمیت 4 سہولت کار گرفتار
ویب ڈیسک
|
14 Nov 2025
اسلام آباد: خفیہ اداروں اور سی ٹی ڈی نے مشترکہ کارروائی کر کے اسلام آباد کے جوڈیشل کمپلیکس پر ہونے والے خودکش حملے میں ملوث ٹی ٹی پی کے چار کارندوں کو گرفتار کرلیا۔
بیان کے مطابق تفتیش کے دوران ملزم ساجد اللہ عرف شینا نے اعتراف کیا کہ وہ حملہ آور کو سنبھالنے کا ذمہ دار تھا۔
تفتیش کاروں کے مطابق ساجد اللہ نے بتایا کہ ٹی ٹی پی کمانڈر سعید الرحمان عرف داداللہ نے اسے ٹیلیگرام کے ذریعے رابطہ کر کے اسلام آباد میں خودکش حملہ کرانے کی ہدایت دی تھی۔ داداللہ اس وقت افغانستان میں موجود ہے اور تنظیم کے انٹیلی جنس نیٹ ورک سے وابستہ ہے۔
داداللہ نے ساجد اللہ کو حملہ آور کی تصاویر بھیجیں تاکہ وہ پاکستان داخل ہونے کے بعد اسے وصول کرسکے۔ حملہ آور عثمان عرف قاری کا تعلق ننگرہار کے ضلع اچین سے بتایا گیا ہے، جسے اسلام آباد کے مضافاتی علاقے میں ٹھہرایا گیا۔
تفتیشی حکام نے بتایا کہ ساجد اللہ نے داداللہ کی ہدایت پر پشاور کے اخون بابا قبرستان سے خودکش جیکٹ حاصل کی اور اسے اسلام آباد منتقل کیا۔ حملے والے روز اسی نے حملہ آور کو جیکٹ پہنائی۔
سیکورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ افغانستان میں موجود ٹی ٹی پی کی اعلیٰ قیادت اس نیٹ ورک کو مسلسل رہنمائی فراہم کر رہی تھی۔ حکام کے مطابق حملے میں ملوث پورا گروہ پکڑا جا چکا ہے اور مزید گرفتاریوں کا امکان ہے۔
Comments
0 comment