رابعہ احسن کیس، میاں بیوی میں جھگڑے کے کوئی شواہد نہیں ملے
Webdesk
|
14 Nov 2026
نجی ٹی وی کی اینکر رابعہ احسن قتل کیس کی تفتیش میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
پولیس کو اب تک میاں بیوی کے درمیان گھریلو ناچاقی یا ازدواجی اختلافات کے واضح شواہد نہیں ملے، جبکہ قتل میں استعمال ہونے والے پستول کے بارے میں بھی تحقیقات جاری ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پولیس نے میاں بیوی کے موبائل فونز کا فرانزک معائنہ مکمل کرلیا ہے، جبکہ مقتولہ کے شوہر احسن کا پولی گراف ٹیسٹ بھی کیا جاچکا ہے۔ اس ٹیسٹ کے نتائج آئندہ 24 گھنٹوں میں سامنے آنے کی توقع ہے۔
تفتیشی حکام کے مطابق پوسٹ مارٹم رپورٹ بھی دورانِ تفتیش احسن کی جانب سے بیان کردہ واقعے کی تفصیلات سے مطابقت رکھتی ہے تاہم پولیس اس بات کا تعین کرنے میں مصروف ہے کہ ملزم کی جانب سے فراہم کیا گیا پستول ہی قتل میں استعمال ہوا تھا یا نہیں۔
اسلحے کی فرانزک جانچ کے ذریعے یہ بھی معلوم کیا جائے گا کہ پستول سے کتنے فائر کیے گئے تھے۔ دوسری جانب پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر احسن کو ہفتے کے روز سینئر سول جج محمد نصراللہ وٹو کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق احسن نے پولیس کو بتایا کہ اس کی رابعہ سے شادی 2010 میں ہوئی تھی۔ دونوں ایک نجی بینک میں ملازمت کرتے تھے اور ان کی شادی باہمی پسند سے ہوئی تھی۔
Comments
0 comment