پاکستان میں آج رات سپر مون آسمان کو روشن کرے گا
Webdesk
|
24 Nov 2026
کراچی: نومبر کی ٹھنڈی راتوں میں آسمان پر ستاروں کی چمک اور چاند کی روشنی ایک دلکش منظر پیش کرتی ہے، پاکستان سمیت دنیا کے مختلف حصوں میں آج رات سپر مون آسمان کو روشن کرے گا۔
آج 24 نومبر کو سال کا دوسرا سپر مون دیکھا جاسکے گا، اس موقع پر چاند مشہور ستاروں کے جھرمٹ سیون سسٹرز کے قریب سے گزرے گا، جس سے رات کے آسمان کا ایک خوبصورت منظر دیکھنے کو مل سکتا ہے، پاکستان میں یہ خوبصورت نظارہ رات 7 بج کر 53 منٹ پر ہوگا۔
نومبر کے اس مکمل چاند کو بیور مون بھی کہا جاتا ہے، جبکہ زمین کے قریب ہونے کی وجہ سے اسے سپر مون بھی قرار دیا گیا ہے۔
پاکستان ٹوڈے اور فلکیاتی مظاہر سے متعلق ویب سائٹ ٹائم اینڈ ڈیٹ کے مطابق چاند 24 نومبر کو گرین وچ معیاری وقت کے مطابق دوپہر 2 بج کر 53 منٹ پر مکمل ہوگا، جو پاکستانی وقت کے مطابق آج رات 7 بج کر 53 منٹ بنتا ہے۔
پاکستان میں چاند کے مکمل ہونے کا وقت رات کا ہے، تاہم اسے دیکھنے کے لیے اس لمحے کا انتظار ضروری نہیں، چاند طلوع ہونے کے بعد ہی آسمان پر دکھائی دے سکتا ہے۔
چاند زمین کے گرد ایک بیضوی مدار میں گردش کرتا ہے، اس مدار میں ایک مقام ایسا ہوتا ہے جہاں چاند زمین کے سب سے قریب ہوتا ہے، جسے پیریجی کہا جاتا ہے، جب مکمل چاند اس مقام کے قریب ہو تو اسے سپر مون کہا جاتا ہے۔
اس دوران چاند معمول کے مکمل چاند کے مقابلے میں کچھ بڑا اور روشن دکھائی دیتا ہے، تاہم یہ فرق عام طور پر بہت زیادہ نمایاں نہیں ہوتا، چاند جب افق کے قریب ہوتا ہے تو وہ اکثر غیر معمولی طور پر بڑا محسوس ہوتا ہے، جس کی وجہ مون الیوژن یعنی بصری تاثر ہے۔
پاکستان میں چاند کے نظارے کے لیے غروبِ آفتاب کے بعد مشرقی آسمان کی سمت دیکھنا بہتر ہوگا، چاند جب افق کے قریب ہوتا ہے تو اس کی جسامت زیادہ محسوس ہو سکتی ہے، اس لیے چاند طلوع ہونے کے وقت کا انتخاب دلچسپ منظر دیکھنے میں مدد دے سکتا ہے۔
کراچی میں 24 نومبر کو چاند شام تقریبا 5 بج کر 18 منٹ پر طلوع ہوگا، دیگر شہروں میں طلوعِ قمر کا وقت مختلف ہو سکتا ہے، بہتر نظارے کے لیے ایسی جگہ کا انتخاب کیا جا سکتا ہے جہاں مشرقی افق واضح ہو اور عمارتیں یا درخت چاند کو چھپا نہ رہے ہوں، تیز مصنوعی روشنی سے دور مقام بھی بہتر رہتا ہے۔
اس منظر کو دیکھنے کے لیے کسی خاص دوربین یا آلات کی ضرورت نہیں، کیونکہ صاف آسمان کی صورت میں چاند عام آنکھ سے واضح دکھائی دے گا، البتہ چاند کی روشنی کے باعث اس کے قریب موجود کم روشن ستاروں کو دیکھنا مشکل ہو سکتا ہے۔دنیا کے مختلف حصوں میں مکمل چاند کا وقت مقامی وقت اور تاریخ کے لحاظ سے مختلف ہوگا۔
Comments
0 comment