6 hours ago
خیبرپختونخوا میں سیلاب سے 20 ارب کا نقصان

ویب ڈیسک
|
21 Aug 2025
خیبرپختونخوا میں حالیہ شدید بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں صوبائی حکومت کو 20 ارب روپے سے زیادہ کا مالی نقصان ہوا ہے۔
سرکاری اداروں کو پہنچنے والے نقصانات کی ابتدائی رپورٹ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو پیش کر دی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق، صوبے کے 20 محکموں کی 603 سرکاری املاک متاثر ہوئی ہیں، جن میں سب سے زیادہ نقصان بٹگرام میں ہوا جہاں 214 املاک تباہ ہوئیں۔
سرکاری اداروں کو پہنچنے والے نقصانات
محکمہ آبپاشی: 10 ارب 32 کروڑ روپے کا نقصان۔
محکمہ سی اینڈ ڈبلیو: 3 ارب 43 کروڑ روپے کا نقصان۔
محکمہ تعلیم: 1 ارب 44 کروڑ روپے کا نقصان۔
محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ: 21 کروڑ 70 لاکھ روپے کا نقصان۔
ان نقصانات میں 37 سرکاری تعلیمی ادارے، 83 سڑکیں، 10 پل، 226 آبپاشی کے چینلز، اور 68 واٹر سپلائی اسکیمیں شامل ہیں۔
دوسری جانب، مشیر صحت احتشام علی نے سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں صحت کی صورتحال پر ایک رپورٹ جاری کی ہے۔ سیلاب زدہ علاقوں میں 32 میڈیکل کیمپس قائم کیے گئے ہیں، جہاں اب تک 81,244 مریضوں کا علاج کیا جا چکا ہے اور 322 اموات بھی رپورٹ ہوئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، سیلاب متاثرین میں سانس کی بیماریاں (ARI)، خارش اور اسہال (diarrhea) کے کیسز میں اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ روز 270 کیسز ایکیوٹ ڈائریا اور 244 سانس کی بیماریوں کے رپورٹ ہوئے۔ اس کے علاوہ ملیریا کے 8 اور کتوں کے کاٹنے کے 6 نئے کیسز بھی سامنے آئے ہیں۔
مشیر صحت نے بتایا ہے کہ محکمہ صحت نے مزید 10 دن کے لیے اضافی طبی عملہ تعینات کیا ہے۔ انہوں نے یہ خدشہ بھی ظاہر کیا کہ مزید بادل پھٹنے اور سیلاب کی پیشگوئی کی وجہ سے امدادی سرگرمیاں متاثر ہو سکتی ہیں۔
صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضلعی سطح پر ہیلتھ کلسٹر فعال کر دیا گیا ہے تاکہ تمام اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ قائم رہے۔
Comments
0 comment