اسلام آباد: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایوانِ صدر میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی، جس میں ملکی داخلی و خارجی سلامتی کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق فیلڈ مارشل نے صدر کو افغانستان کی موجودہ حکومت کے اشتعال انگیز اقدامات کے بعد پیدا ہونے والی تازہ سیکیورٹی صورتحال سے آگاہ کیا، اور بتایا کہ پاک فوج نے سرحدی خلاف ورزیوں کا مؤثر اور بروقت جواب دیا۔
صدر آصف علی زرداری نے افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ مہارت، بہادری اور دفاعی صلاحیت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
انہوں نے ملکی سرحدوں کے تحفظ میں پاک فوج کی مستعدی اور مؤثر ردِعمل کو سراہتے ہوئے کہا کہ فوج کی قربانیاں اور خدمات قومی سلامتی کی ضمانت ہیں۔
صدرِ مملکت نے واضح کیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائے گا اور کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
Comments
0 comment