1 hour ago
ایران پر حملہ ہوا تو۔۔ سپریم لیڈر نے دو ٹوک بیان جاری کردیا
ویب ڈیسک
|
1 Feb 2026
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ اگر ایران پر کسی قسم کی فوجی کارروائی کی گئی تو اس کے اثرات صرف ایران تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ پورا خطہ ایک بڑی جنگ کی لپیٹ میں آ سکتا ہے۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق آیت اللہ خامنہ ای نے یہ بیان ایسے وقت میں دیا ہے جب امریکا نے مشرقِ وسطیٰ میں اپنی فوجی موجودگی میں اضافہ کر دیا ہے اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بار بار سخت بیانات سامنے آ رہے ہیں۔
سپریم لیڈر نے امریکی بحری جہازوں کی تعیناتی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایسے ہتھکنڈے ایران کو خوفزدہ نہیں کر سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی صدر بار بار بحری جہاز لانے کی بات کرتے ہیں، لیکن ایرانی قوم ان دھمکیوں سے نہ ڈرتی ہے اور نہ ہی ان سے مرعوب ہوتی ہے۔
آیت اللہ خامنہ ای نے واضح کیا کہ ایران کسی بھی ملک کے خلاف پہل نہیں کرنا چاہتا، لیکن اگر ایران پر حملہ کیا گیا تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔ ان کے مطابق ایرانی قوم کسی بھی جارحیت کا سخت اور فیصلہ کن ردعمل دے گی۔
دوسری جانب ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ سفارتی راستہ اب بھی کھلا ہے اور ایران ایسے منصفانہ مذاکرات کے لیے تیار ہے جن سے اس کی دفاعی صلاحیتوں کو نقصان نہ پہنچے۔
امریکی حکام کے مطابق اس وقت خطے میں امریکا کے چھ جنگی بحری جہاز، ایک طیارہ بردار بحری جہاز اور تین دیگر جنگی جہاز موجود ہیں، جس سے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی مزید بڑھتی دکھائی دے رہی ہے۔
Comments
0 comment