عمران خان کا جیل سے نیا پیغام، سیلاب متاثرین کیلیے امداد دینے کی اپیل

ویب ڈیسک
|
9 Sep 2025
اسلام آباد: سابق وزیراعظم عمران خان نے قوم سے سیلاب متاثرین کیلیے امداد دینے کی اپیل کی ہے،
اڈیالہ جیل میں پارٹی رہنماؤں کے ساتھ گفتگو میں عمران خان نے کہا کہ میرا لاالہ الا اللہ پر ایمان ہے اور اسی وجہ سے مجھے کسی قسم کا خوف نہیں، یہ غلامی سے آزادی دیتا ہے, میری زندگی اللہ کے ہاتھ میں ہے، کسی طاقتور انسان کے ہاتھ میں نہیں ہے۔
عمران خان نے الزام لگایا کہ انہیں مسلسل قید تنہائی میں رکھا جا رہا ہے تاکہ وہ ٹوٹ جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک سال سے ان کے ذاتی ڈاکٹر کو معائنے کی اجازت نہیں دی گئی، کئی ہفتوں تک اخبارات اور ٹی وی بند کیے اور اہل خانہ و وکلاء سے ملاقات پر بھی پابندیاں لگائی گئی ہیں۔
عمران خان نے ڈیڑھ سال سے زائد عرصے سے اپنے سیاسی دوستوں سے ملاقات نہ ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جنرل عاصم منیر مجھے انہیں دباؤ میں لانے کے لیے ان کے خاندان کے کسی بھی فرد کو قید کر دیں، وہ پھر بھی جھکیں گے نہیں اور نہ ہی اس ظلم کو قبول کریں گے۔
عمران خان نے افغانستان کی موجودہ حکومت کے ساتھ تعلقات پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ جنرل عاصم منیر افغانستان کی مخالف لابی کو خوش کرنے کی کوشش میں خطے کے امن کو تباہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے حکومت کی جانب سے افغان مہاجرین کو ملک بدر کرنے کی پالیسی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔
سابق وزیراعظم نے خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو خصوصی ہدایت کی کہ وہ افغانستان جائیں اور باہمی مسائل اور امن و امان کے حوالے سے بات کریں۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر مریم نواز جاپان اور تھائی لینڈ جا سکتی ہیں تو خیبر پختونخوا کا وزیراعلیٰ اپنے صوبے کے امن کے لیے افغانستان کیوں نہیں جا سکتا۔
عمران خان نے خیبر پختونخوا میں ملٹری آپریشن اور ڈرون حملوں کی مخالفت کی اور کہا کہ یہ دراصل تحریک انصاف کی حکومت کو غیر مقبول کرنے کی سازش ہے۔
انہوں نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو ہدایت کی کہ وہ اس آپریشن کے خلاف بھرپور مزاحمت کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک یہ آپریشن نہیں رکے گا، دہشت گردی مزید بڑھے گی۔
ملک میں جاری سیلاب کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ وہ سیلاب متاثرین کی دل کھول کر مدد کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر وہ جیل سے باہر ہوتے تو خود فنڈ ریزنگ اور ٹیلی تھون کا اہتمام کرتے۔
عمران خان نے بلوچستان میں سیاسی جلسے پر ہونے والے حملے کے خلاف پوری پارٹی کو احتجاج میں شامل ہونے کی ہدایت کی۔
Comments
0 comment