3 hours ago
اسرائیلی بربریت، جنگی بندی کے باوجود مزید 21 فلسطینی شہید
ویب ڈیسک
|
4 Feb 2026
غزہ میں اسرائیلی فوج کی جانب سے جنگ بندی کی مبینہ خلاف ورزیاں بدستور جاری ہیں، جہاں بدھ کے روز ہونے والے فضائی حملوں میں بچوں سمیت کم از کم 21 فلسطینی شہید ہو گئے۔
امریکی ثالثی میں طے پانے والی جنگ بندی کے دوسرے مرحلے کو ایک ماہ گزر چکا ہے، تاہم اس کے باوجود غزہ پر حملے رک نہ سکے۔ حماس کی جانب سے اسرائیل پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کیے جا رہے ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی نے بتایا ہے کہ بدھ کے روز اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں کم از کم 31 افراد زخمی بھی ہوئے، جن میں متعدد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
خان یونس میں بے گھر فلسطینیوں کے گھروں اور خیموں کو نشانہ بنایا گیا، جہاں سے تین لاشیں اسپتال منتقل کی گئیں۔ الشفا اسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد ابو سلمیہ کے مطابق اسپتال میں درجنوں زخمیوں کو لایا گیا ہے، جبکہ ادویات اور طبی سامان کی شدید قلت کے باعث طبی عملے کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
ڈاکٹر ابو سلمیہ نے خبردار کیا کہ غزہ کے اسپتال پہلے ہی محدود وسائل پر کام کر رہے ہیں اور مسلسل حملوں کے باعث صورتحال مزید سنگین ہو رہی ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے اپنی فوج پر فائرنگ کے بعد جوابی کارروائی کی۔ اسرائیلی بیان کے مطابق اس واقعے میں ایک فوجی افسر شدید زخمی ہوا۔
غزہ میں جاری کشیدگی کے باعث انسانی بحران مزید گہرا ہوتا جا رہا ہے، جبکہ عالمی برادری کی جانب سے فوری اور مؤثر اقدامات کا مطالبہ بھی زور پکڑتا جا رہا ہے۔
Comments
0 comment