6 hours ago
امریکی صدر کی بھارت پر ایک بار پھر ٹرولنگ، 7 جہاز گرنے کا تذکرہ

ویب ڈیسک
|
16 Oct 2025
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انکشاف کیا ہے کہ بھارت مئی میں پاکستان کے ہاتھوں گرائے گئے سات طیاروں کے واقعے پر کھل کر بات نہیں کرتا۔
ٹرمپ نے کہا کہ اس واقعے کے دوران دونوں ایٹمی ممالک کے درمیان کشیدگی خطرناک حد تک بڑھ گئی تھی، اور وزیراعظم شہباز شریف کے کردار نے ممکنہ جنگ کو روکنے میں اہم کردار ادا کیا۔
امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں اوول آفس میں گفتگو کرتے ہوئے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے بہت خوبصورت انداز میں کہا کہ آپ نے لاکھوں جانیں بچائیں۔ میرا خیال ہے وہ اس بات کی طرف اشارہ کر رہے تھے کہ بھارت کے ساتھ ایٹمی جنگ کے امکانات بہت قریب آ گئے تھے۔ سات طیارے گرائے گئے تھے، جس کا بھارت ذکر نہیں کرتا۔
ٹرمپ نے دورانِ گفتگو براہِ راست نام لیے بغیر واضح طور پر بھارت کا حوالہ دیا اور موجود بھارتی سفارتکار کی طرف اشارہ بھی کیا۔
سابق صدر نے اس موقع پر وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے خطے میں امن کے لیے مثبت کردار ادا کیا۔
ٹرمپ نے اپنی گفتگو میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے حوالے سے بھی انکشاف کیا کہ مودی نے انہیں یقین دہانی کرائی ہے کہ بھارت اب روس سے مزید تیل درآمد نہیں کرے گا۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکہ نے بھارت کو روس سے تیل خریدنے پر سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا، اور کہا تھا کہ اس تجارت سے یوکرین جنگ کو مالی مدد مل رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق بھارت اس وقت یورپی یونین کے بعد روسی تیل کا سب سے بڑا خریدار ہے۔ امریکی و یورپی پابندیوں کے بعد بھارت نے روس سے یومیہ 16 لاکھ بیرل سے زائد تیل درآمد کرنا شروع کیا۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ وہ اب چین کو بھی قائل کرنے کی کوشش کریں گے کہ وہ روسی تیل کی خریداری بند کرے تاکہ یوکرین تنازع کے خاتمے کی راہ ہموار ہو سکے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کے اس بیان سے نہ صرف بھارت اور روس کے تعلقات متاثر ہو سکتے ہیں بلکہ واشنگٹن اور نئی دہلی کے درمیان بھی سفارتی دباؤ بڑھنے کا امکان ہے۔
Comments
0 comment