4 hours ago
ایس ایس پی کے بنگلے پر 2 کروڑ کی ڈکیتی، پولیس چار دن میں سراغ نہ لگا سکی

ویب ڈیسک
|
25 Aug 2025
ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) کے پوش علاقے میں سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) توحید رحمان اور ان کی اہلیہ، پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن و سندھ حکومت کی ترجمان اقربا فاطمہ کے گھر ڈاکوؤں نے دھاوا بول دیا۔
ذرائع کے مطابق، جمعہ کی رات پانچ مسلح ڈاکو ایک لگژری ایس یو وی میں آئے اور گھر میں گھس کر افسر اور ان کی اہلیہ کو یرغمال بنا لیا۔ ڈاکوؤں نے گھر سے کروڑوں روپے کی نقدی اور سونے کے زیورات لوٹ لیے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ شہر کے امیر علاقوں میں لگژری گاڑیوں میں گھومنے والا ڈاکوؤں کا گروہ مسلسل وارداتیں کر رہا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق، گارڈ فیصل الطاف نے بتایا کہ صبح 4:45 بجے کے قریب تین مسلح افراد نے اسے گارڈ روم سے اٹھایا اور گھر کے اندر لے گئے، جہاں گھر والوں کو پہلے ہی یرغمال بنایا جا چکا تھا۔
ملزمان نے الماریوں کی چابیاں مانگیں، آدھے گھنٹے تک گھر کی تلاشی لی، اور قیمتی اشیاء لوٹ کر دروازوں کو تالا لگا کر فرار ہو گئے۔ انہوں نے گھر والوں کو پیچھا نہ کرنے کی دھمکی بھی دی۔
ایس ایس پی توحید رحمان کے مطابق، ڈاکو ایک کروڑ روپے سے زائد کی ملکی و غیر ملکی کرنسی، ایک کروڑ سے زائد مالیت کے سونے کے زیورات اور ایک موبائل فون لے گئے۔
پولیس نے مقدمہ پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 395 (ڈکیتی) کے تحت درج کر لیا ہے، لیکن تاحال ملزمان کا سراغ نہیں لگایا جا سکا۔
Comments
0 comment