ٹانک میں فائرنگ سے دوران ڈیوٹی 3 پولیس اہلکار شہید

ٹانک میں فائرنگ سے دوران ڈیوٹی 3 پولیس اہلکار شہید

کانسٹیبل سلیم شاہ، کانسٹیبل گل آمین اور موبائل ڈرائیور پیر فیاض شاہ شہید جبکہ قیصر محمود اور ظفر حسین راہ گیر زخمی ہوئے
ٹانک میں فائرنگ سے دوران ڈیوٹی 3 پولیس اہلکار شہید

ویب ڈیسک

|

28 Sep 2026

ٹانک: وزیر آباد بازار میں ٹریفک ڈیوٹی پر مامور پولیس موبائل پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے 3 پولیس اہلکار شہید جبکہ 2 راہ گیر زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق شہید ہونے والوں میں کانسٹیبل سلیم شاہ، کانسٹیبل گل آمین اور موبائل ڈرائیور پیر فیاض شاہ شامل ہیں۔ فائرنگ کی زد میں آکر قیصر محمود اور ظفر حسین نامی 2 راہ گیر بھی زخمی ہوئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق حملہ آور فائرنگ کے بعد پولیس اہلکاروں کا سرکاری اسلحہ اور موبائل گاڑی اپنے ساتھ لے گئے، تاہم گاڑی گرہ بڈھا کے قریب کیچڑ میں پھنس جانے کے باعث چھوڑ کر فرار ہوگئے، جسے بعد میں پولیس نے تحویل میں لے لیا۔

واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا۔ زخمیوں اور شہدا کی لاشوں کو ضلعی ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس نے واقعے کی رپورٹ درج کرکے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ دوسری جانب شہید اہلکاروں کی نماز جنازہ پولیس لائن میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی، جس میں ضلعی انتظامیہ، پولیس اور عسکری حکام نے شرکت کی۔

نماز جنازہ کے بعد شہدا کو سلامی دی گئی اور میتیں ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کردی گئیں۔

Comments

https://www.dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!