9 hours ago
رائے ونڈ، 30 روپے کے تنازع پر 2 بھائیوں کو قتل کرنے والے ملزمان پولیس حراست میں ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

ویب ڈیسک
|
28 Aug 2025
لاہور کے علاقے رائیونڈ میں 30 روپے کے معمولی تنازع پر دو سگے بھائیوں کے قتل کے معاملے نے ایک نیا موڑ لے لیا جب سی سی ڈی چوہنگ پولیس کی جانب سے گرفتار کیے گئے دو ملزمان، اویس اور شہزاد، اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے۔
پولیس کے مطابق، یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب پولیس ملزمان کو رائیونڈ میں نشاندہی کے لیے لے کر جا رہی تھی۔
واضح رہے کہ چند روز قبل رائیونڈ کے علاقے میں 30 روپے کے پھر لینے کے معمولی تنازع پر اویس اور شہزاد نے ساتھیوں کے ساتھ دو سگے بھائیوں پر شدید تشدد کیا اور انہیں قتل کر دیا۔
اس سفاکانہ واقعے نے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیلایا۔ سی سی ڈی چوہنگ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا تھا اور تفتیش جاری تھی۔
پولیس کے مطابق، گرفتار ملزمان اویس اور شہزاد کو رائیونڈ میں جائے وقوعہ پر نشاندہی کے لیے لے جایا جا رہا تھا کہ اس دوران ان کے ساتھیوں نے پولیس پارٹی پر حملہ کر دیا۔
ملزمان کے ایک ساتھی توقیر کی سربراہی میں دیگر مسلح افراد نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی، جس کا مقصد اپنے ساتھیوں کو چھڑوانا تھا۔ اس فائرنگ کے نتیجے میں زیر حراست دونوں ملزمان عویس اور شہزاد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔
فائرنگ کے بعد توقیر اور اس کے دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس نے ملزمان کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے اور دعویٰ کیا ہے کہ مفرور ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔
سی سی ڈی چوہنگ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور فرار ہونے والوں کی گرفتاری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
پولیس نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ مشکوک سرگرمیوں یا ملزمان کے بارے میں کوئی معلومات ہونے پر فوری رابطہ کریں۔
پولیس نے شہریوں سے گزارش کی ہے کہ وہ تنازعات کو پرامن طریقے سے حل کرنے کی کوشش کریں تاکہ اس طرح کے المناک واقعات سے بچا جا سکے۔
Comments
0 comment