28 mins ago
عمران خان کا چیف جسٹس کو خط، صرف 15 فیصد نظر آنے کا انکشاف
ویب ڈیسک
|
16 Nov 2026
عمران خان نے چیف جسٹس کے نام خط لکھا ہے جس میں جیل میں تنہائی، وکلا تک رسائی اور آنکھ کی بینائی متاثر ہونے اور موت کے خدشات کا اظہار کیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے چیف جسٹس کے نام خط میں اڈیالہ جیل میں قید کے دوران پیش آنے والے حالات، وکلا اور اہلِ خانہ سے ملاقاتوں میں مشکلات اور اپنی صحت سے متعلق تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ خط میں انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں طویل عرصے تک تنہائی میں رکھا گیا اور بنیادی سہولیات تک رسائی سے بھی محروم کیا گیا۔
عمران خان کے وکیل کی جانب سے جاری کردہ خط کے مطابق، 11 نومبر 2026 کو اڈیالہ جیل میں ان سے تین گھنٹے طویل ملاقات ہوئی، جس کے دوران انہوں نے اپنی ہدایات اور مؤقف تحریر کرنے کے لیے دیا۔ وکیل کا کہنا ہے کہ خط عمران خان کی فراہم کردہ معلومات اور ہدایات کی روشنی میں تیار کیا گیا ہے۔
خط میں عمران خان نے کہا ہے کہ انہوں نے اپنی زندگی پاکستان کی خدمت کے لیے وقف کی اور کرکٹ، فلاحی سرگرمیوں اور وزارتِ عظمیٰ کے منصب کے ذریعے ملک کے لیے کام کیا۔ ان کا دعویٰ ہے کہ 70 سال کی عمر تک ان کے خلاف کوئی فوجداری مقدمہ نہیں تھا، تاہم اس کے بعد انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بناتے ہوئے متعدد مقدمات میں الجھایا گیا اور عدالتوں میں سو سے زائد مرتبہ پیش ہونا پڑا۔
انہوں نے لکھا کہ وہ تمام مقدمات کا سامنا قانونی طریقے سے کرتے رہے اور انہیں امید تھی کہ انصاف ملے گا، تاہم ان کے بقول آئینی ترامیم کے بعد عدالتی ریلیف کے امکانات محدود ہوتے گئے۔
اڈیالہ جیل میں تنہائی اور بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کا دعویٰ
عمران خان نے خط میں الزام عائد کیا کہ 20 دسمبر 2025 کو توشہ خانہ (بلغاری) کیس کا فیصلہ آنے کے بعد انہیں مکمل طور پر تنہا کردیا گیا۔ ان کے مطابق بیرونی دنیا سے رابطہ منقطع کرکے روزانہ 22 گھنٹے تک تنہائی میں رکھا گیا، جبکہ اہلِ خانہ سے ملاقات، وکلا تک رسائی، بیٹوں سے فون پر بات چیت، کتابوں اور ٹیلی ویژن کی سہولت بھی دستیاب نہیں تھی۔
خط میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ کئی ماہ تک وکیل سے ملاقات نہ ہونے کے بعد 10 فروری 2026 کو سپریم کورٹ کی جانب سے عدالتی معاون مقرر کیے گئے وکیل نے ان سے ملاقات کی۔ عمران خان کے مطابق اس ملاقات میں وکیل کو معلوم ہوا کہ ان کی دائیں آنکھ کی 85 فیصد بینائی متاثر ہوچکی ہے، تاہم اس بارے میں اہلِ خانہ اور وکلا کو آگاہ نہیں کیا گیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس ملاقات کے بعد دوبارہ ان کا بیرونی دنیا سے رابطہ ختم کردیا گیا اور انہیں ایک مرتبہ پھر تنہائی میں منتقل کردیا گیا۔
وکیل سے ملاقاتوں اور اہلیہ کی رسائی پر بھی تحفظات
عمران خان کے مطابق رواں سال انہیں اپنے وکیل سے صرف چار مرتبہ، 10 فروری، 8 اپریل، 2 نومبر اور 11 نومبر کو ملاقات کی اجازت دی گئی۔ ان کا کہنا ہے کہ اہلیہ بشریٰ بی بی کو بھی سال بھر میں صرف ایک مرتبہ اپنے وکیل سے ملنے دیا گیا۔
خط میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ وکلا سے ملاقات میں رکاوٹیں قانونی حقوق اور جیل قوانین کے منافی ہیں، جبکہ اس صورتِ حال کے باعث وہ اور ان کی اہلیہ زیرِ سماعت مقدمات میں مؤثر انداز سے اپنا دفاع کرنے میں مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔
ذہنی صحت سے متعلق میڈیکل بورڈ کی سفارشات کا حوالہ
عمران خان نے طویل تنہائی کے باعث اپنی ذہنی صحت متاثر ہونے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔ ان کے مطابق جیل کے میڈیکل بورڈ نے بھی ان میں بے چینی کی کیفیت نوٹ کی اور اہلِ خانہ سے باقاعدہ رابطے، مطالعے کے لیے مواد اور ٹیلی ویژن کی سہولت فراہم کرنے کی سفارش کی، تاہم ان کے بقول ان سفارشات پر عمل درآمد نہیں کیا گیا۔
خط میں عمران خان نے چیف جسٹس سے جیل میں اپنے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک، بنیادی حقوق اور طبی سہولیات سے متعلق معاملات کا نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔
عمران خان نے خط میں برین ہیمرج اور ہارٹ اٹیک کا خدشہ ظاہر کیا اور لکھا کہ اگر زندہ رہا تب ہی اپنی بے گناہی ثابت کرسکوں گا۔ میری عدلیہ ججز کو انصاف کیلیے کردار ادا کرنا ہوگا۔
Comments
0 comment