عمرے کی آڑ میں ہیروئن اسمگلنگ پکڑی گئی، بیوی، ساس اور ملز کے پیٹ سے ہیروئن والے کیپسول برآمد

عمرے کی آڑ میں ہیروئن اسمگلنگ پکڑی گئی، بیوی، ساس اور ملز کے پیٹ سے ہیروئن والے کیپسول برآمد

اسلام آباد ایئرپورٹ پر اے این ایف نے شک کی بنیاد پر کارروائی کی
عمرے کی آڑ میں ہیروئن اسمگلنگ پکڑی گئی، بیوی، ساس اور ملز کے پیٹ سے ہیروئن والے کیپسول برآمد

ویب ڈیسک

|

22 Aug 2025

اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے منشیات کی بین الاقوامی اسمگلنگ کی ایک بڑی کوشش کو ناکام بنا دیا۔

 اس کارروائی میں ایک ہی خاندان کے 3 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جن میں 2 خواتین بھی شامل ہیں اور یہ عمرہ کی آڑ میں ہیروئن اسمگل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق، یہ ملزمان سعودی عرب کے لیے روانہ ہونے والے تھے۔ ان میں ایک مرد مسافر، اس کی بیوی اور ساس شامل ہیں۔

 تلاشی کے دوران انکشاف ہوا کہ دونوں خواتین نے اپنے پیٹ میں ہیروئن سے بھرے کیپسول نگل رکھے تھے۔

اے این ایف کے مطابق، ملزم کی بیوی کے پیٹ سے 12 اور اس کی ساس کے پیٹ سے 71 کیپسول برآمد ہوئے، جن کا مجموعی وزن 549 گرام ہے۔

 پیٹ میں منشیات کی موجودگی کی تصدیق کے لیے ملزمان کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔

اے این ایف کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مذہبی سفر کو منشیات کی اسمگلنگ کے لیے استعمال کرنا ایک انتہائی تشویشناک رجحان ہے اور اے این ایف اس طرح کے عناصر کی سرکوبی کے لیے ہمہ وقت چوکس ہے۔

گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور انہیں اے این ایف پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا گیا ہے۔ 

مزید تفتیش جاری ہے تاکہ اس گروہ کے دیگر اراکین کو بھی گرفتار کیا جا سکے۔ اے این ایف کی اس بروقت کارروائی نے بین الاقوامی سطح پر ملک کی بدنامی کو روکنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

Comments

https://www.dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!