وزیر اعظم کا صمود غزہ فلوٹیلا میں شامل پاکستانیوں کی بحفاظت واپسی کا مطالبہ

وزیر اعظم کا صمود غزہ فلوٹیلا میں شامل پاکستانیوں کی بحفاظت واپسی کا مطالبہ

صمود فلوٹیلا میں سینیٹر مشتاق احمد سمیت دو پاکستانی شامل ہیں
وزیر اعظم  کا صمود غزہ فلوٹیلا میں شامل پاکستانیوں کی بحفاظت واپسی کا مطالبہ

ویب ڈیسک

|

2 Oct 2025

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے صمود غزہ فلوٹیلا میں شریک پاکستانی شہریوں کی فوری اور بحفاظت واپسی کا مطالبہ کیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان انسانی جان کے احترام، محفوظ رسائی اور بلاتعطل امداد کے اصولوں پر سختی سے کاربند ہے۔

وزیر اعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر جاری بیان میں فلوٹیلا میں پاکستانیوں کی شمولیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ “ہمارے شہریوں نے انسانی ہمدردی کے اصولوں کے تحت اس عظیم مشن میں حصہ لیا ہے، جو پاکستانی عوام کے امن پسند جذبات، انصاف کی حمایت اور ضرورت مندوں کی مدد کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔”

گلوبل صمود فلوٹیلا درجنوں ممالک کے انسانی حقوق کے کارکنوں پر مشتمل ہے، جو امدادی سامان سے بھری 30 سے زائد کشتیوں کے ذریعے غزہ کی جانب بڑھ رہا تھا۔ قافلے میں 500 سے زائد افراد شریک ہیں۔

جن میں پاکستان کے دو نمائندے سابق سینیٹر مشتاق احمد، لاہور سے تعلق رکھنے والے سید عزیر نظامی شامل ہیں۔

اب تک کی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی بحریہ کم از کم 13 کشتیوں کو روک چکی ہے اور ان پر موجود کارکنوں کو حراست میں لے لیا ہے۔

تاہم یہ واضح نہیں ہو سکا کہ پاکستانی شہری بھی ان میں شامل ہیں یا نہیں۔ دونوں کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ان کا اپنے پیاروں سے گزشتہ رات تک رابطہ تھا، لیکن اس کے بعد کوئی خبر نہیں مل سکی۔

یاد رہے کہ ابتدا میں چھ پاکستانیوں نے فلوٹیلا میں شمولیت کی خواہش ظاہر کی تھی، تاہم مختلف وجوہات کے باعث صرف دو ہی اس قافلے کا حصہ بن سکے۔

Comments

https://www.dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!