سینیٹر مشتاق نئے سیاسی قافلے میں شامل ہوگئے

آفتاب مہمند
|
18 Oct 2025
جماعت اسلامی کو الوداع کہنے والے اور اسرائیل کی قید سے آزاد ہونے والے سابق سینیٹر مشتاق احمد نے نئے سیاسی قافلے میں شامل ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ دنوں اسرائیل کی قید سے رہائی کے بعد وطن واپس پہنچنے پر جماعت اسلامی کو الوداع کہنے والے سینئر سیاستدان وسابق سینیٹر مشتاق احمد نے کسی ایک سیاسی جماعت میں نہیں بلکہ ملک میں آئین کے تحفظ کے لیے 6 اپوزیشن جماعتوں پر مشتمل قائم کی گئی تحریک تحفظ آئین پاکستان میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔
مشتاق احمد سے تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمد خان اچکزئی اور علامہ ناصر عباس نے ملاقات کی جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور آئین وقانون کی بالادستی کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔
سابق سینیٹر مشتاق احمد کی تحریک تحفظ آئین پاکستان میں شمولیت کا جلد باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کے نام سے حزب اختلاف کا اتحاد رواں سال اپریل میں تشکیل دیا گیا تھا۔ اس میں حزب اختلاف کی سب سے بڑی جماعت تحریک انصاف کے ساتھ ساتھ بلوچستان کی قوم پرست جماعتیں بھی شامل ہیں۔
اس تحریک کی قیادت پشنونخوا میپ کے صدر محمود خان اچکزئی کے سپرد کی گئی اور اس میں پی ٹی آئی کے علاوہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی، بلوچستان نیشنل پارٹی، سنی اتحاد کونسل اور مجلس وحدت المسلمین بھی شامل ہیں۔
Comments
0 comment