پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے کے خلاف جماعت اسلامی کا ملک گیر احتجاج کا اعلان
Webdesk
|
21 Jul 2026
اسلام آباد: پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے کے خلاف جماعت اسلامی نے 7 اگست کو ملک گیر احتجاج اور اہم شاہراہیں بند کرنے کا اعلان کردیا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت مختلف ٹیکسوں اور پیٹرولیم لیوی کے ذریعے عوام پر اضافی بوجھ ڈال رہی ہے، جبکہ اگر یہ محصولات کم کر دیے جائیں تو پیٹرول کی قیمت میں نمایاں کمی آ سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ احتجاج سے قبل ملک بھر میں کارنر میٹنگز اور دھرنے دیے جائیں گے، جبکہ 7 اگست کو چاروں صوبائی دارالحکومتوں اور ضلعی ہیڈکوارٹرز کی اہم شاہراہوں پر پرامن احتجاج کیا جائے گا۔ حافظ نعیم نے واضح کیا کہ ایمرجنسی گاڑیوں اور ایمبولینسز کے لیے راستہ کھلا رکھا جائے گا۔
امیر جماعت اسلامی نے الزام لگایا کہ حکومت پیٹرولیم لیوی کی مد میں ہر سال بھاری رقم وصول کر رہی ہے، جس کا بوجھ عام شہری، مزدور اور متوسط طبقہ برداشت کر رہا ہے۔
انہوں نے اعلی سرکاری عہدیداروں اور اشرافیہ کو ملنے والی مراعات پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے ٹیکسوں کا استعمال غیر ضروری سہولتوں پر کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے بجلی، آئی پی پیز، بلوچستان اور آزاد کشمیر کی صورتحال پر بھی حکومت سے مطالبہ کیا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جائیں اور اہم قومی معاملات پر تمام متعلقہ فریقوں سے مشاورت کی جائے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی کا احتجاج عوامی حقوق کے لیے ہے اور اگر حکومت نے اسے روکنے کی کوشش کی تو حالات مزید کشیدہ ہو سکتے ہیں۔
Comments
0 comment