پاکستان میں ’یورپی طرز کی ٹرین سروس‘ کا آغاز

پاکستان میں ’یورپی طرز کی ٹرین سروس‘ کا آغاز

وزیراعظم نے لاہور ریلوے اسٹیشن پر پاک بزنس ٹرین کا افتتاح کیا
پاکستان میں ’یورپی طرز کی ٹرین سروس‘ کا آغاز

ویب ڈیسک

|

29 Jul 2025

لاہور: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے لاہور ریلوے اسٹیشن پر پاک بزنس ایکسپریس ٹرین کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس ٹرین کو ’یورپی طرز‘ کی سہولیات والا قرار دیا جارہا ہے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے پاکستان ریلوے میں "مثبت تبدیلی" کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ لاہور ریلوے اسٹیشن پر آ کر انہیں بہت خوشی ہوئی جہاں خوشگوار ماحول دیکھنے کو ملا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاک بزنس ٹرین میں صرف اشرافیہ ہی نہیں بلکہ عام آدمی کے لیے بھی یورپی طرز کی شاندار سفری سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔

وزیراعظم نے جدید ڈیجیٹائزڈ ٹکٹنگ سسٹم، نئے مسافر لاؤنجز، استقبالیہ ڈیسک اور ٹرین کے اندر یورپ کی طرح کے بہترین انتظامات کو سراہا۔

انہوں نے وزیر ریلوے حنیف عباسی کو ریلوے کے نظام کو بہتر بنانے اور اسے دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے پر مبارکباد پیش کی۔ وزیراعظم نے کہا، "حنیف عباسی نے ناممکن کو ممکن کر دکھایا اور میرا مان بڑھایا، ریلوے کی بہتری کے حوالے سے آج میرا خواب شرمندہ تعبیر ہوتا نظر آ رہا ہے۔"

شہباز شریف نے مزید کہا کہ یہ صرف ایک آغاز ہے اور ابھی کئی منزلیں باقی ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ملک کے دیگر شہروں میں بھی ایسی ہی جدید ٹرینیں چلائی جائیں گی۔

انہوں نے پی ڈی ایم دور میں ریلوے کی بہتری کے لیے خواجہ سعد رفیق کی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔

قبل ازیں، وزیراعظم نے مسافر لاؤنج، استقبالیہ سمیت لاہور ریلوے اسٹیشن کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ افتتاحی تقریب کے بعد انہوں نے پاک بزنس ایکسپریس ٹرین کا معائنہ کیا۔

 

Comments

https://www.dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!