3 hours ago
پاکستان جلد جی 20 ممالک میں شامل ہوگا، ڈاد

ویب ڈیسک
|
8 Aug 2025
اسلام آباد: نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے معاشی استحکام کی جانب اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں اور اب پاکستانی معیشت درست سمت میں گامزن ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان جلد G-20 ممالک میں شامل ہو کر ایک باوقار قوم کے طور پر ابھرے گا۔
جمعرات کو شاہ عبداللطیف کاظمی (بری امام) کے مزار پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے ماضی کی حکومتوں پر بھی تنقید کی۔
انہوں نے کہا کہ سال 2017 میں پاکستان دنیا کی 24 ویں بڑی معیشت بن چکا تھا، مگر بعد میں معاشی حالات خراب ہوئے اور عوام کو مہنگائی کا سامنا کرنا پڑا۔
سینیٹر ڈار نے پاکستان کی قدرتی دولت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ملک اربوں کھربوں روپے مالیت کے معدنی وسائل سے مالا مال ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سروے کے مطابق پاکستان دنیا کے چوتھے بڑے گیس ذخائر رکھتا ہے اور یہاں سونے، تانبے اور دیگر قیمتی پتھروں کے وسیع ذخائر بھی موجود ہیں۔
انہوں نے ان وسائل کی تلاش کے لیے مزید اقدامات کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
انہوں نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی سابقہ حکومت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس دور میں ملک کو معاشی دیوالیہ پن سے بچایا گیا۔ اس کے برعکس، انہوں نے پاکستان تحریکِ انصاف کی حکومت پر ملک کو سفارتی تنہائی کا شکار کرنے کا الزام لگایا۔
اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ پاکستان نے بھارت کے خلاف جنگ میں بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں اور خطے میں بھارت کے چودھراہٹ قائم کرنے کے عزائم کو ناکام بنا دیا ہے۔
اپنے خطاب کے آخر میں، انہوں نے اسلام کی تبلیغ و ترویج میں صوفیائے کرام کے کردار کو سراہا اور کہا کہ بری امام کے سالانہ عرس کی تقریب میں شرکت ان کے لیے ایک اعزاز ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے بری امام کمپلیکس کی تزئین و آرائش کا کام مکمل کر لیا ہے، جو پہلے تاخیر کا شکار تھا۔
واضح رہے کہ حضرت شاہ عبداللطیف کاظمی بری امام کا تین روزہ سالانہ عرس 8 اگست سے 10 اگست تک جاری رہے گا۔
Comments
0 comment