11 hours ago
ن لیگ اور پی پی میں کشیدگی ختم، وزیراعظم اور صدر کی ملاقات میں اہم فیصلہ

ویب ڈیسک
|
16 Oct 2025
اسلام آباد: ایوانِ صدر میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملاقات کی، دونوں جماعتوں نے سیاسی رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیرِ بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللہ، وزیرِ داخلہ و نارکوٹکس کنٹرول سینیٹر محسن نقوی، اور وزیرِ قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ موجود تھے۔
پیپلز پارٹی کی جانب سے سینیٹر سلیم مانڈوی والا، سینیٹر شیری رحمان اور سید نیئر حسین بخاری نے ملاقات میں شرکت کی۔
ملاقات کے دوران صدر اور وزیراعظم نے ملک کی موجودہ سیاسی و سلامتی کی صورتحال، علاقائی و بین الاقوامی حالات اور قومی سطح کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے صدر زرداری کو مصر اور ملائیشیا کے اپنے حالیہ دوروں، عالمی رہنماؤں سے ملاقاتوں اور غزہ میں امن کے لیے کی جانے والی کوششوں سے آگاہ کیا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ون آن ون ملاقات بھی ہوئی، جس میں اہم قومی ترجیحات اور حکومتی پالیسیوں کی مجموعی سمت پر گفتگو کی گئی۔
دونوں رہنماؤں نے ملک میں سیاسی ہم آہنگی کے فروغ اور قومی مفاد کے معاملات پر مسلسل مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
Comments
0 comment