جماعت اسلامی کی حکومت کو عوامی ریلیف کیلیے 10 دن کی مہلت

5 hours ago

جماعت اسلامی کی حکومت کو عوامی ریلیف کیلیے 10 دن کی مہلت

لیوی کے خاتمے تک لانگ مارچ سے دستبردار نہ ہونے کا فیصلہ
جماعت اسلامی کی حکومت کو عوامی ریلیف کیلیے 10 دن کی مہلت

ویب ڈیسک

|

27 Oct 2026

اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے پیٹرولیم لیوی کے خاتمے اور عوام کو ریلیف دینے کے لیے حکومت کو مزید سات سے دس روز کی مہلت دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ مطالبات پورے نہ ہوئے تو نومبر کے وسط میں لانگ مارچ دوبارہ شروع کردیا جائے گا۔

حافظ نعیم الرحمن نے وزیراعظم سے ملاقات کے بعد کہا کہ جماعت اسلامی کی مذاکراتی کمیٹی نے مہنگائی کے خلاف عوام کا مقدمہ حکومت کے سامنے رکھا ہے۔ ان کے مطابق وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی ہے کہ آئندہ آٹھ سے دس روز میں معاملہ تکنیکی کمیٹیوں کے سامنے پیش کیا جائے گا اور عوام کو ریلیف دینے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ مذاکرات بے نتیجہ نہیں رہے بلکہ حکومت نے ریلیف کا دائرہ بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ ان کے مطابق پہلے حکومت ریلیف دینے یا نہ دینے پر بات کررہی تھی، تاہم اب اس نے ریلیف فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے پیٹرولیم لیوی کو بھتہ ٹیکس قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت آسانی سے آمدن حاصل کرنے کے لیے عوام پر ٹیکس عائد کردیتی ہے۔ ان کے بقول حکومت کا مؤقف ہے کہ لیوی ختم کرنے سے قومی خزانے پر دباؤ بڑھے گا، لیکن جماعت اسلامی اپنے مطالبے پر قائم ہے کہ لیوی کا خاتمہ ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت لیوی میں مرحلہ وار کمی کے ذریعے ریلیف دینا چاہتی ہے، جبکہ جماعت اسلامی فوری اقدامات کا مطالبہ کررہی ہے۔ ان کے مطابق حکومت کو مزید سات سے دس روز دیے جارہے ہیں، اس کے بعد نومبر کے وسط میں لانگ مارچ دوبارہ شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ مذاکرات جاری رہیں گے، لیکن احتجاجی تحریک بھی آگے بڑھے گی۔

حافظ نعیم الرحمن نے دعویٰ کیا کہ جماعت اسلامی کی جدوجہد کے نتیجے میں ڈیزل پر فی لیٹر 32 روپے کا ریلیف مل چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت نے جماعت اسلامی کے تجویز کردہ فارمولے پر عمل کیا تو جنگ کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فی لیٹر ڈھائی سو روپے تک کمی ممکن ہوسکتی ہے۔

اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کرائے جانے چاہییں۔

Comments

https://www.dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!