جمعہ کو پیٹرول 15 روپے مہنگا ہونا تھا، وزیراعظم نے بوجھ ریفائنریز پر ڈال دیا، وفاقی وزرا

جمعہ کو پیٹرول 15 روپے مہنگا ہونا تھا، وزیراعظم نے بوجھ ریفائنریز پر ڈال دیا، وفاقی وزرا

حکومت نے مشکل حالات میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے آئل ریفائنریز سے تعاون کی درخواست کی
جمعہ کو پیٹرول 15 روپے مہنگا ہونا تھا، وزیراعظم نے بوجھ ریفائنریز پر ڈال دیا، وفاقی وزرا

ویب ڈیسک

|

2 Nov 2026

اسلام آباد: وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ جمعہ کو پیٹرول کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر اضافہ متوقع تھا، تاہم وزیراعظم کی ہدایت پر یہ بوجھ عوام کو منتقل کرنے کے بجائے آئل ریفائنریز نے برداشت کیا۔

اسلام آباد میں وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے علی پرویز ملک نے کہا کہ عالمی منڈی میں توانائی کی قیمتوں میں اضافے اور خطے کی کشیدہ صورتحال کے باعث پاکستان میں بھی نقل و حمل، انشورنس اور ترسیل کے اخراجات بڑھ گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے مشکل حالات میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے آئل ریفائنریز سے تعاون کی درخواست کی، جس کے نتیجے میں پیٹرول کی قیمتوں میں 15 روپے فی لیٹر اضافے کو روکا جاسکا۔ ان کے مطابق ریفائنریز نے حکومت کے ساتھ مل کر 15 ارب روپے کا بوجھ برداشت کیا ہے۔

وزیر پیٹرولیم کا کہنا تھا کہ ریفائنریز نے گزشتہ تین ماہ کے دوران اتنا منافع کمایا ہے جو عام حالات میں برسوں میں حاصل ہوتا ہے۔ حکومت کسی کے ساتھ زیادتی نہیں کرنا چاہتی اور بین الاقوامی بحران سے شفاف انداز میں نکلنے کی کوشش کررہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت کی فیول سبسڈی اسکیم سے ایک کروڑ 30 لاکھ سے زائد صارفین مستفید ہورہے ہیں۔

اس موقع پر وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم کی شروع دن سے کوشش رہی ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا کم سے کم بوجھ عوام پر پڑے۔

انہوں نے کہا کہ باب المندب اور آبنائے ہرمز کی صورتحال نے دنیا بھر کی معیشتوں کو متاثر کیا ہے، پاکستان بھی اس کے اثرات سے محفوظ نہیں رہا، تاہم ملک کے معاشی اشاریے بہتر رہے ہیں۔

عطا تارڑ کے مطابق وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم کے تحت ڈیڑھ کروڑ سے زائد افراد رجسٹرڈ ہوچکے ہیں، جبکہ اب تک 27 ارب روپے کا ریلیف فراہم کیا جاچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکلوں، چنگ چی رکشوں اور چھوٹی گاڑیوں کے لیے شروع کی گئی فیول ریلیف اسکیم جاری رہے گی۔ حکومت نے حکمت عملی کے تحت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافے کا بوجھ عوام پر منتقل ہونے سے روکا ہے۔

Comments

https://www.dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!