ہر فرد ہے ملت کے مقدر کا ستارہ

ہر فرد ہے ملت کے مقدر کا ستارہ

علامہ اقبال کا آج 150 یوم پیدائش منایا جارہا ہے
ہر فرد ہے ملت کے مقدر کا ستارہ

ویب ڈیسک

|

9 Nov 2026

شاعرِ مشرق علامہ اقبال کا 149واں یومِ پیدائش آج عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔

 

حکیم الامت، شاعرِ مشرق اور مفکرِ پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کا 149واں یومِ پیدائش آج ملک بھر میں عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ ان کے افکار اور شاعری نے برصغیر کے مسلمانوں میں خودی، آزادی اور قومی شناخت کا شعور اجاگر کیا، جبکہ ان کا پیغام آج بھی مختلف معاشروں میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

علامہ محمد اقبال 9 نومبر 1877 کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے اپنی شاعری اور فکر کے ذریعے مسلمانوں کو ایک الگ قومی تشخص کا احساس دلایا اور ایک آزاد وطن کا تصور پیش کیا۔ تحریک پاکستان اور نظریہ پاکستان کی فکری بنیادوں میں ان کا کردار تاریخی اہمیت رکھتا ہے۔

اقبال کی فکر اور شاعری کو پاکستان ہی نہیں، ایران میں بھی غیر معمولی پذیرائی حاصل ہے۔ فارسی زبان میں ان کی تخلیقات نے ایرانی اہلِ علم اور ادب پر گہرے اثرات مرتب کیے۔ ایران میں انہیں عموماً ’’اقبالِ لاہوری‘‘ کے نام سے یاد کیا جاتا ہے، جبکہ ان کے کلام کو فکری اور ادبی ورثے کا اہم حصہ سمجھا جاتا ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان ادبی تعلقات میں اقبال کی شخصیت ایک نمایاں حوالہ ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے یومِ اقبال پر اپنے پیغام میں کہا کہ علامہ اقبال کے کلام نے برصغیر کے مسلمانوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کا حوصلہ دیا۔ ان کی شاعری آزادی اور باوقار زندگی کے حصول کی جدوجہد کا پیغام دیتی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بھی شاعرِ مشرق کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال نے مسلمانوں میں سیاسی شعور بیدار کیا اور انہیں اپنی جداگانہ قومی شناخت کا احساس دلایا۔ ان کے افکار نے تحریک پاکستان اور حصولِ وطن کی جدوجہد میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ ان کا پیغام آج بھی رہنمائی فراہم کرتا ہے۔

علامہ اقبال کے اہم فکری اشعار

خودی کو کر بلند اتنا کہ ہر تقدیر سے پہلے

خدا بندے سے خود پوچھے، بتا تیری رضا کیا ہے

 

افراد کے ہاتھوں میں ہے اقوام کی تقدیر

ہر فرد ہے ملت کے مقدر کا ستارہ

 

عقابی روح جب بیدار ہوتی ہے جوانوں میں

نظر آتی ہے ان کو اپنی منزل آسمانوں میں

 

نہیں تیرا نشیمن قصرِ سلطانی کے گنبد پر

تو شاہیں ہے، بسیرا کر پہاڑوں کی چٹانوں میں

 

ایک ہوں مسلم حرم کی پاسبانی کے لیے

نیل کے ساحل سے لے کر تابخاکِ کاشغر

 

ستاروں سے آگے جہاں اور بھی ہیں

ابھی عشق کے امتحاں اور بھی ہیں

 

خودی کا سرِ نہاں لا الٰہ الا اللہ

خودی ہے تیغ، فساں لا الٰہ الا اللہ

Comments

https://www.dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!