10 hours ago
گورنر ہاؤس کراچی میں جشن آزادی کی تقریب، آتشبازی کا عالمی ریکارڈ قائم

ویب ڈیسک
|
13 Aug 2025
کراچی: گورنر ہاؤس میں معرکہ حق جشن آزادی کے تحت ہونے والی آتشبازی نے عالمی ریکارڈ قائم کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی میزبانی میں "معرکۂ حق – جشنِ آزادی" کی شاندار تقریب گورنر ہاؤس کراچی میں منعقد ہوئی، جس میں دنیا کی طویل ترین ایک گھنٹہ 16 منٹ کی آتش بازی کا عالمی ریکارڈ قائم کیا گیا۔
تقریب میں عالمی شہرت یافتہ گلوکار علی ظفر اور کیفی خلیل نے شاندار فن کا مظاہرہ کیا۔ دونوں فنکاروں نے ایسا دلفریب سُروں کا جادو جگایا کہ سامعین سحر میں کھو کر جھوم اُٹھے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ گورنر ہاؤس کے دروازے عوام کی خدمت کے لیے 24 گھنٹے کھلے ہیں، اور جب تک میں یہاں موجود ہوں، یہ عوام کا گورنر ہاؤس ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کو پاک افواج نے ایسی دھول چٹائی کہ نسلیں یاد رکھیں گی۔ بھارت کے پانچ طیارے گرائے گئے اور دشمن کو منہ کی کھانی پڑی۔ بھارتیو! تم نے غلطی کی، اس قوم کو چھیڑا، آج پوری قوم جشن منا رہی ہے، اور اگر دوبارہ چھیڑا تو پورا سال جشن منائیں گے۔
گورنر سندھ نے مزید کہا کہ گورنر ہاؤس اور اس کی ٹیم جو وعدہ کرتے ہیں، وہ پورا کرتے ہیں۔ تمام اداروں کا شکریہ جنہوں نے اس تقریب کو کامیاب بنانے میں کردار ادا کیا۔ آخر میں انہوں نے پاک افواج کو سلام پیش کیا۔
تقریب میں ایم کیو ایم پاکستان کے چیئرمین و وفاقی وزیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، مرکزی سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار، انیس قائم خانی، سندھ اسمبلی میں قائد حزبِ اختلاف علی خورشیدی، اراکینِ قومی و صوبائی اسمبلی، فنکاروں، کاروباری برادری سے تعلق رکھنے والے افراد سمیت عوام کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔
Comments
0 comment