ایم آر آئی مشین میں مقناطیس کی وجہ سے ہلاکت کا حیران کن واقعہ، حفاظتی تدابیر کیا ہیں؟

ایم آر آئی مشین میں مقناطیس کی وجہ سے ہلاکت کا حیران کن واقعہ، حفاظتی تدابیر کیا ہیں؟

ایم آر آئی کے بعد شہری باہر آنے کے بجائے اندر کھینچتا ہوا چلا گیا
ایم آر آئی مشین میں مقناطیس کی وجہ سے ہلاکت کا حیران کن واقعہ، حفاظتی تدابیر کیا ہیں؟

ویب ڈیسک

|

24 Jul 2025

نیویارک: صحت کے شعبے سے ایک افسوسناک خبر سامنے آئی ہے جہاں نیویارک کے ایک طبی مرکز میں پیش آنے والے حادثے میں 61 سالہ شخص کیتھ کیلسٹرایم آر آئی (MRI) مشین کے مقناطیسی کھنچاؤ کے باعث اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔

یہ واقعہ ایم آر آئی کے استعمال میں انتہائی احتیاط کی ضرورت کو اجاگر کرتا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی) کی رپورٹ کے مطابق، بدھ کی دوپہر ویسٹبری کے "نساؤ اوپن ایم آر آئی" سینٹر میں کیتھ کیلسٹر بغیر اجازت ایم آر آئی روم میں داخل ہو گئے جہاں مشین فعال تھی۔

اچانک وہ مشین کی جانب کھنچتے چلے گئے جس سے انہیں شدید جسمانی چوٹیں آئیں۔

متاثرہ شخص کی اہلیہ، ایڈرین کیلسٹر نے میڈیا کو بتایا کہ وہ اپنے گھٹنے کا ایم آر آئی اسکین کروانے گئی تھیں اور اسکین کے بعد اپنے شوہر سے مشین سے اٹھنے میں مدد مانگی۔

کیتھ جیسے ہی ایم آر آئی روم میں داخل ہوئے، ان کے گلے میں موجود دھاتی چین کی وجہ سے وہ مشین کی طاقتور مقناطیسی کشش میں آ گئے اور اندر کھنچ گئے۔ روم میں موجود ٹیکنیشن نے انہیں مشین سے دور کرنے کی کوشش کی لیکن کامیاب نہ ہو سکا۔

حکام کے مطابق، کیتھ کیلسٹر کو شدید چوٹیں آئیں اور تشویشناک حالت میں انہیں فوری طور پر مقامی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اگلے دن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ پولیس اس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔

ایم آر آئی مشین میں جاتے وقت کن باتوں کا خیال رکھا جائے؟

یہ افسوسناک واقعہ ایم آر آئی مشین کی حفاظتی ہدایات کی پاسداری کی اہمیت کو واضح کرتا ہے۔ ایم آر آئی مشین ایک انتہائی طاقتور مقناطیسی میدان پیدا کرتی ہے جو جسم کے اندرونی حصوں کی تفصیلی تصاویر لینے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔

کسی بھی قسم کی دھات، خواہ وہ زیورات ہوں، گھڑیاں ہوں، سکے ہوں یا یہاں تک کہ بعض طبی ایمپلانٹس بھی، مشین کے قریب لے جانا انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔

مشین کی زبردست مقناطیسی کشش دھاتی اشیاء کو تیزی سے اپنی طرف کھینچ سکتی ہے، جس سے نہ صرف مریض بلکہ ساتھ موجود افراد کو بھی شدید چوٹیں آ سکتی ہیں۔

امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) نے عوام الناس کے لیے ہدایات جاری کی ہیں کہ ایم آر آئی کے لیے جانے سے پہلے مریضوں کو عموماً تمام دھاتی اشیاء اتارنے اور مخصوص لباس پہننے کو کہا جاتا ہے۔

اس کے علاوہ، مریضوں سے ان کے جسم میں کسی بھی دھاتی پیس، ایمپلانٹ یا زیور کے بارے میں تفصیل سے پوچھا جاتا ہے۔ ان ہدایات پر سختی سے عمل کرنا ایسے حادثات سے بچاؤ کے لیے ناگزیر ہے۔

Comments

https://www.dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!