6 hours ago
کراچی ماں کی طرح ہے اگر کوئی برا بھی کرے تو یہ اُسے معاف کر کے گلے لگالیتا ہے، ماہرہ خان
ویب ڈیسک
|
15 Nov 2025
کراچی سے متعلق منفی تبصروں کے بعد اداکارہ ماہرہ خان نے ایسا جواب دیا جس نے سب کے دل جیت لیے۔
اپنی نئی فلم نیلوفر کی پروموشن کے لیے کراچی میں ہونے والی پریس کانفرنس میں ماہرہ خان اور فواد خان ایک ساتھ شریک ہوئے۔ اسی دوران ایک صحافی نے سوال کیا کہ کچھ لوگ کہتے ہیں کہ انہیں کراچی آنا پسند نہیں، آپ اپنے شہر کے بارے میں کیا کہیں گی؟
ماہرہ خان نے جواب میں کہا کہ کراچی وہ شہر ہے جہاں وہ پیدا ہوئیں اور پلی بڑھیں۔ یہی شہر ان کی زندگی کا اہم حصہ ہے اور ان کی ساری یادیں اسی سے جڑی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اپنے شہر سے ہر انسان کو محبت ہوتی ہے۔ ان کے لیے کراچی وہ جگہ ہے جہاں ان کے والدین، بزرگ اور بچپن کی ساری کہانیاں موجود ہیں۔ یہ شہر ان کے جذبات سے جڑا ہوا ہے۔
ماہرہ خان نے کراچی کو "ماں جیسا شہر" قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ شہر سب کے لیے اپنے دروازے کھول دیتا ہے۔ لوگ اس سے فائدہ اٹھاتے ہیں، کبھی اس کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کرتے، لیکن کراچی پھر بھی سب کو معاف کرکے گلے لگا لیتا ہے۔
حال ہی میں اداکارہ صبا قمر کے کراچی سے متعلق بیان پر خاصی بحث ہوئی تھی، جس میں انہوں نے کراچی منتقل ہونے کے سوال پر اسے ناپسندیدہ قرار دیا تھا۔
ماہرہ خان اور فواد خان کی فلم نیلوفر 28 نومبر 2025 کو عالمی سطح پر ریلیز ہوگی۔ فلم میں فواد خان، ماہرہ خان کے علاوہ مدیحہ امام، بہروز سبزواری، عتیقہ اوڈھو، سمیعہ ممتاز، نوید شہزاد، فیصل قریشی اور گوہر رشید بھی شامل ہیں۔
فواد خان اس فلم میں ایک پروفیسر کا کردار ادا کر رہے ہیں اور وہ اس کے پروڈیوسر بھی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ فلم بہت محنت سے بنائی گئی ہے اور امید ہے کہ شائقین اسے پسند کریں گے۔
Comments
0 comment